امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر دستخط،وزیراعظم نے بھی تصدیق کردی

وزیراعظم شہباز شریف نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو چکے ہیں اور معاہدہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
وزیراعظم کے مطابق ’’اسلام آباد ایم او یو‘‘ کے تحت امریکا بحری ناکہ بندی ختم کرے گا جبکہ ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے گا، جس سے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔ شہباز شریف نے کہا کہ بطور ثالث انہوں نے بھی معاہدے کی توثیق کی ہے۔ ان کے مطابق 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ایک تاریخی تقریب منعقد ہوگی جبکہ تکنیکی سطح کے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز بھی اسی روز سے ہوگا۔

وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کی بنیاد ثابت ہوگا۔انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سوشل میڈیا پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سفارتکاری نے ایک ممکنہ بڑے تصادم کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے امریکی مذاکراتی ٹیم کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت، بے لوث خدمات اور فیصلہ کن کردار کے باعث یہ تاریخی پیشرفت ممکن ہوئی، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
