ایران اسرائیل کشیدگی کے پیش نظر امریکا نے یوکرین سے میزائل دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کردیے

ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد امریکا نے یوکرین سے بعض میزائل دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کردیے۔
امریکی وزیردفاع پیٹ ہیگسیتھ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ ان سےباربار پوچھا جارہا ہے کہ آیا آپ نے بعض ڈرون ڈیفنس نظام یوکرین سےمشرق وسطیٰ منتقل کیا ہے تو میرا جواب ہاں میں ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے تمام تروسائل استعمال کررہے ہیں تاکہ اس خطے میں اپنے لوگوں کو بچائیں۔
اس سےقبل یوکرین کے صدر زیلنسکی نے شکوہ کیا تھا کہ روس کےخلاف استعمال کے لیے یوکرین بھیجے جانے والے 20 ہزار میزائل مشرق وسطیٰ بھیج دیے گئے ہیں۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک نے بھی ایران کا حملہ روکنے میں اسرائیل کی مدد کی ہے۔
اس کے علاوہ امریکا کے معروف صحافی ٹکر کارلسن نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر اسرائیل کے حملوں سے پیشگی آگاہ تھے۔
ٹکر کارلسن نے کہا کہ امریکا نا صرف اس حملے سے واقف تھا بلکہ اس نے حملے میں اسرائیل کی مدد کی۔ سالوں سے جاری فوجی امداد، ہتھیاروں کی فراہمی اور رابطے اس بات کی علامت ہیں کہ جو کچھ اس وقت ہورہا ہے اس میں امریکا شامل ہے، امریکا گردن تک اس میں دھنسا ہوا ہے۔