عمران خان کی گرفتاری سے خونی سیاست کا آغاز ہوگا

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کو خونی سیاست سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو توڑنے کی منصوبہ بندی مہنگی پڑے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ملکی سیاست اور اقتدار سے زیادہ ملک کی سلامتی اہم ہے، افغانستان کا عدم استحکام پاکستان پر بھی اثرانداز ہوگا، بھتہ اور خودکش حملے شروع ہو گئے ہیں، حکومتی خواہشوں سے من پسند خبریں نہیں بن سکتیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ معاشی تباہی، سیاسی عدم استحکام، بھتہ خوری اور دہشتگردی کا آغاز ان کی سیاست کو دفن کر دے گا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ چین پاکستان کا بھلا سوچ رہا ہے، اس کے اشاروں کو سمجھیں، یوم آزادی کو یوم بربادی نہ بنائیں۔ عمران خان کو گرفتار کرنا یا پی ٹی آئی کو توڑنے کی منصوبہ بندی کرنا خونی سیاست کا آغاز ہو گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دو ووٹوں کی حکومت، 15 اتحادی پارٹیوں کے ساتھ بے لگام ہو رہی ہے، ان کا ناکام ایجنڈا عمران خان کو نااہل اور نواز شریف کو اہل کروانا ہے، بےلگام حکومت کی عقل پر پردہ پڑ چکا ہے۔