واٹس ایپ کونسے نئے فیچرز متعارف کروانے والا ہے؟

دنیا کی مقبول ترین پیغام رسانی ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی دلچسپی کے لیے مزید نئے فیچرز متعارف کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔میٹا کی زیرملکیت ایپ میں ٹیکسٹ اور وائس میسیجز سے ہٹ کر بھی کافی کچھ کرنا ممکن ہے جیسے فوٹوز، ویڈیوز اور فائلز کو شیئر کیا جا سکتا ہے، صارفین کی سہولت کے لیے واٹس ایپ میں مسلسل نئے فیچرز کا اضافہ ہوتا رہتا ہے۔عام طور پر نئے فیچرز پہلے ایپ کے بیٹا ورژن میں پیش کیے جاتے ہیں اور چند ہفتوں یا مہینوں کے بعد تمام افراد کے لیے متعارف کرائے جاتے ہیں، واٹس ایپ کے ایسے نئے فیچرز کے بارے میں جانیں جو آئندہ چند ہفتوں یا مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جس کی مدد سے ایک سے دوسرے اینڈرائیڈ فون میں وائی فائی کے ذریعے ڈیٹا ٹرانسفر کرنا ممکن ہو جائے گا، اس فیچر سے ڈیٹا کو ٹرانسفر کرنے کے لیے گوگل ڈرائیو کی ضرورت ختم ہو جائے گی، یہ نیا فیچر نہ صرف چیٹ ڈیٹا کو ٹرانسفر کرنے کا عمل آسان بنا دے گا بلکہ اس عمل کو تیز بھی کر دے گا۔بہت جلد صارفین پش نوٹیفکیشنز کے ذریعے ہی کسی فرد کو بلاک کر سکیں گے، یعنی ایپ یا اس فرد کی چیٹ اوپن کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی مگر اس نئے فیچر سے صرف ان واٹس ایپ صارفین کو ہی بلاک کرنا ممکن ہوگا جو آپ کے کانٹیکٹ لسٹ میں نہیں ہوں گے۔
تو جب بھی کسی نامعلوم فرد کی جانب سے واٹس ایپ میسج کا نوٹیفکیشن موصول ہوگا تو آپ اسے بلاک کرسکیں گے، واٹس ایپ کی جانب سے بہت جلد آڈیو اسٹیٹس لگانے کی سہولت صارفین کو فراہم کی جائے گی، اس فیچر سے صارفین ٹیکسٹ کی بجائے وائس نوٹس کو ریکارڈ کر کے اسٹیٹس کے طور پر پوسٹ کرسکیں گے۔
وائس اسٹیٹس کے لیے 30 سیکنڈ یا اس سے کم وقت کی آڈیو کو ریکارڈ کرنا ہوگا، یہ وائس اسٹیٹس پوسٹ ہونے کے 24 گھنٹے بعد خودبخود غائب ہوجائیں گے یا صارف خود بھی کسی وقت انہیں ڈیلیٹ کرسکے گا۔واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے ٹیکسٹ ایڈیٹر کو متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، بنیادی طور پر یہ 3 نئے فیچرز پر مشتمل ٹول ہوگا جس میں سے ایک آپشن کے ذریعے صارفین مختلف فونٹس پر سوئچ کرسکیں گے۔
اسی طرح وہ ٹیکسٹ الائنمنٹ کو بدل سکیں جبکہ ٹیکسٹ کے بیک گراؤنڈ رنگ کو بدلنا بھی ممکن ہوگا، واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے جس سے صارفین چیٹ میں اوریجنل کوالٹی کی تصاویر بھیج سکیں گے۔
اگر اصل کوالٹی میں تصویر بھیجی جائے گی تو صارفین کا بہت زیادہ ڈیٹا استعمال ہوگا، یعنی پھر صارفین موبائل ڈیٹا سے اصل کوالٹی کی تصویر بھیجنا تو بھول ہی جائیں، اس کے لیے وائی فائی لازمی ہوگا، فی الحال، آپ کو ایپ میں فوٹو کوالٹی کے تین آپشنز آٹومیٹک، بہترین کوالٹی اور ڈیٹا سیور ملتے ہیں۔
