آزاد کشمیر میں عام انتخابات کب ہونگے؟ تاریخ کا اعلان ہو گیا

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے عام انتخابات 2026 کے انعقاد کا باضابطہ شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی 2026 کو منعقد ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 9 جون سے 19 جون تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال (اسکروٹنی) 20 جون کو کی جائے گی۔شیڈول کے تحت کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 24 جون تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ انتخابی اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون کو ہوگی۔ امیدواروں کے دستبردار ہونے کی آخری تاریخ 30 جون مقرر کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست یکم جولائی کو آویزاں کی جائے گی، جبکہ 2 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست بھی اسی روز جاری کر دی جائے گی۔پولنگ 27 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر کے مطابق انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدار انداز میں کرانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا عمل بھی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں 34 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ انتخابی فہرستوں میں 5 لاکھ سے زائد نئے ووٹرز کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انتخابی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ضلعی اور انتظامی سطح پر رابطہ کاری کے نظام کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔

Back to top button