ایمان والو، اللّٰہ سے ڈرو اور تقویٰ اختیار کرو، خطبہ حج

مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتےہوئے خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے کہا کہ اے ایمان والو، اللّٰہ سے ڈرو اور تقویٰ اختیار کرو، اے ایمان والو، عہد کی پاسداری کرو۔
مسجد نمرہ میں خطبہ حج دینے کی سعادت مسجد نبوی ﷺ کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے حاصل کی۔
خطبہ حج کے دوران شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی کا کہنا تھا کہ تقویٰ اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے، کسی کو اللّٰہ تعالیٰ کا شریک نہ ٹھہرایا جائے، رب کے سوا کسی غیرکی عبادت مت کرنا۔
ڈاکٹر عبدالرحمان الحذیفی کا خطبہ حج دیتے ہوئے کہنا تھاکہ مسلمانوں کو کسی بھی مشکل میں صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے،صبر والوں کےلیے اللہ تعالیٰ نے اجر عظیم کا وعدہ کیا ہے۔توحید پر عمل درآمد ایمان کا حصہ ہے اور نبی کریم ﷺ اللہ کے آخری رسول ہیں، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتےہوئے اس کی نعمتوں سے فائدہ اٹھائیں،جن قوموں نے ظلم کیا اور ناشکری کی ان سے نعمتیں چھین لی گئیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمیشہ سچ بولیں اور غلط بیانی سے گریز کریں،حجاج کرام نماز قائم کریں، اللہ تعالیٰ کےذکر اور عبادات میں مصروف رہیں،ہرلمحہ مغفرت کی دعا کرتےرہیں۔ اللہ اور بندے کا تعلق نجات کا ذریعہ ہے،اے ایمان والو،اپنے رب کے ساتھ جڑے رہو،حج کے دوران کسی قسم کی لڑائی جھگڑےسے اجتناب کرنا چاہیے،کسی بھی ایسے عمل سے گریز کریں جس سے وحدت کو نقصان پہنچے، اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے حالات پر رحم فرمائے ۔
امام عبدالرحمان الحذیفی کا کہنا تھاکہ حجاج کرام مناسک حج بہترین انداز میں ادا کریں، اللہ تعالیٰ ہی دعائیں قبول کرنےوالا اور گناہوں کو معاف فرمانےوالا ہے، اللہ تعالیٰ ہمارے اعمال قبول فرمائے اور مسلمانوں کو ہدایت عطا فرمائے۔
