آبنائے ہرمز پر ٹیکس کون لے گا؟امریکی وزیر خارجہ نے بتا دیا

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور کسی بھی ملک کو وہاں سے گزرنے والے جہازوں پر ٹول ٹیکس یا اضافی فیس عائد کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت آبنائے ہرمز عالمی تجارتی راستہ ہے، لہٰذا کسی ایک ملک کی جانب سے اس پر مالیاتی پابندیاں یا فیس نافذ کرنا قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر خطے کے بیشتر ممالک متفق ہیں اور کسی کو اس حوالے سے قائل کرنے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایران کے حمایت یافتہ گروہوں کی جانب سے عراق سمیت خطے میں میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا، اس وقت تک کشیدگی کے مکمل خاتمے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز، علاقائی سلامتی اور دیگر متنازع امور آئندہ مذاکرات میں بھی زیر بحث آئیں گے۔ ان کے بقول اگر ایران ایک انقلابی تحریک کی بجائے ایک معمول کی ریاست کے طور پر عالمی برادری کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا فیصلہ کرے تو اس کے لیے اقتصادی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے منگل کے روز متحدہ عرب امارات سے اپنے خلیجی دورے کا آغاز کیاہے، جس کے دوران وہ کویت اور بحرین کا بھی دورہ کریں گے۔ توقع ہے کہ اس دورے میں علاقائی سلامتی، ایران سے متعلق پالیسی اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Back to top button