ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ،پاکستان کی بھارت کیخلاف بیٹنگ جاری

ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے اہم مقابلے میں پاکستان کی ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔پاکستانی ٹیم نے8 رنزبنالئے۔
برمنگھم میں جاری میچ میں بھارت کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز سکور کیے۔
بھارت کی جانب سے سمرتی مندھانا 68 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ کپتان ہرمن پریت کور 36، رچا گھوش 34، شفالی ورما 6، بھارتی فُلمالی 1 اور جمائمہ روڈریگیز 1 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئیں۔
دیپتی شرما 12 اور شریانکا پاٹِل 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹیں۔
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء اور سعدیہ اقبال نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رامین شمیم اور تسمیہ رباب 1، 1 وکٹ لے سکیں۔
ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی بھارت کی ہٹ دھرمی برقرارٹاس کے بعد بھارتی کپتان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء سے ہاتھ نہیں ملایا۔
بھارتی کپتان ہرمَن پریت کور نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے بہت اچھی لگ رہی ہے، اسی لیے ہم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ ورلڈ کپ نے ہمیں اعتماد دیا ہے۔ ہماری توجہ اپنی منصوبہ بندی پر عمل کرنے پر ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ پاکستان بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتا تھا، بطور ٹیم ہم بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ہمارے پاس مضبوط بولنگ یونٹ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دیتی ہے لیکن ہمارے پاس بھی اچھا کمبی نیشن ہے اور ایک سخت مقابلے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں یہ پاکستان کا پہلا میچ ہے، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلے کو ٹورنامنٹ کے سب سے دلچسپ اور سنسنی خیز معرکوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرنے والی قومی ویمنز ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اپیل کی ہے۔
بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہاکہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ہماری نیک خواہشات ہیں۔
