سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 2ایڈہاک الاؤنس ضم،سفری الاؤنس بھی بڑھ گیا

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے 2 پرانے ایڈہاک الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ سفری الاؤنس بھی 50فیصد بڑھانے کی منظوری دیدی گئی۔
وزارتِ خزانہ نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملازمین کو مہنگائی کے اثرات سے بچانا اور ان کی مالی مشکلات میں کمی لانا ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سال 2022 اور سال 2025 کے ایڈہاک الاؤنسز کو اب مستقل طور پر بنیادی تنخواہ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
سال 2022 کا 15 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس بنیادی تنخواہ میں ضم کر دیا گیا ہے اسی طرح سال 2025 کا 10 فیصد ایڈہاک الاؤنس بھی بنیادی تنخواہ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ’اس اقدام سے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے مثبت اثرات مستقبل میں ملنے والی دیگر مراعات، پنشن اور الاؤنسز پر بھی مرتب ہوں گے۔
ایڈہاک الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کے علاوہ وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے ’کنوینس الاؤنس‘ (سفری الاؤنس) میں بھی 50 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7فیصد اضافہ کیاگیاہے۔
