سعودی عرب نے غیرقانونی مقیم 7ہزارافراد کوملک بدرکردیا

سعودی عرب نے ایک ہفتے کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 7 ہزار سے زائد افراد کو ملک بدر کردیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی سکیورٹی حکام نے ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 10ہزار 725 غیر قانونی مقیم افراد کو گرفتار کیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے بتایاکہ یہ گرفتاریاں 4 جون سے 10 جون کے درمیانی عرصے کے دوران سکیورٹی فورسز کی جانب سے متعلقہ سرکاری اداروں کے تعاون سے کیے گئے مشترکہ معائنے کے دوران کی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار افراد میں ریزیڈنسی قانون کی خلف ورزی کرنے والے 5 ہزار 899 افراد بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بارڈر سکیورٹی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 3 ہزار 84 افراد جبکہ لیبر لاء کی خلاف ورزی کرنے والے ایک ہزار 742 افراد شامل ہیں۔
سعودی میڈیا نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر 7 ہزار 989 غیر قانونی مقیم افراد کو ملک بدر کیا گیا جبکہ 14ہزار 268 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے سفارتی مشنز میں بھیجا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق سرحد پار کرکے مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کی کل تعداد ایک ہزار418 تھی جن میں سے 43 فیصد یمنی، 55 فیصد ایتھوپیا کے شہری اور 2 فیصد دیگر قومیتوں سے تعلق رکھتے تھے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی طور پر مملکت چھوڑنے کی کوشش کرتے ہوئے کل 34 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
