پیپلزپارٹی نےآزاد کشمیر میں انتخابات مؤخر کرنے کا مطالبہ کردیا

پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر نے گھمبیر صورتحال کے باعث آزاد کشمیر میں انتخابات مؤخر کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین نے پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جموں کشمیر ہاؤس میں ایک اہم پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس میں قانون ساز اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار محمد یعقوب خان، سینیئر وزیر میاں عبدالوحید، وزرا حکومت سردار جاوید ایوب، جاوید اقبال بڈھانوی، سردار ضیاء القمر، چوہدری قاسم مجید، چوہدری یاسر سلطان، محترمہ تقدیس گیلانی، ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر، ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال، پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی، صاحبزادہ ذوالفقار علی اور شاہین کوثر ڈار بھی موجود تھے۔
چوہدری محمد یسین نے کہاکہ اس وقت ریاست کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سیاسی اتفاق رائے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا مرکز و محور ہمیشہ مسئلہ کشمیر رہا ہے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ 7 ماہ کے دوران عوامی مسائل کے حل اور جمہوری نظام کے استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 میں سے 37 مطالبات پر عملدرآمد بھی ہو چکا تھا، صرف مہاجرین نشستوں سے متعلق آئینی معاملہ زیر غور تھا جس کے حل کے لیے متبادل قانونی اور آئینی راستے موجود ہیں۔
چوہدری یاسین نے کہا کہ احتجاجی کال سے محض کچھ روز قبل مہاجرین نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری کرنا مناسب فیصلہ نہیں تھا۔
