یمنی حوثیوں کا سعودی آئل ٹینکر پر میزائل حملے کا دعویٰ

یمن کے حوثی گروپ کے عسکری ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ بحیرہ احمر کے شمالی حصے میں ایک سعودی آئل ٹینکر کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
حوثی ترجمان کے مطابق سعودی آئل ٹینکر ’’وفا‘‘ کو سعودی عرب کے ساحلی شہر ینبع کے قریب بحیرہ احمر کے شمالی پانیوں میں بیلسٹک میزائلوں سے ہدف بنایا گیا۔ تاہم انہوں نے حملے کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ نقصان یا جانی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 جولائی کو سعودی عرب کی جانب سے بحری ناکہ بندی شروع کیے جانے کے بعد سے اب تک حوثیوں نے مجموعی طور پر 8 سعودی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس دوران 29 سعودی آئل ٹینکرز کو بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں اپنی منزل کی جانب بڑھنے سے روک کر واپس جانے پر بھی مجبور کیا گیا۔
حوثی گروپ کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر اور اس سے ملحقہ سمندری راستوں میں ان کی کارروائیاں جاری رہیں گی، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
کیا واقعی امریکہ اور ایران کے مابین امن معاہدہ ہونے والا ہے؟
دوسری جانب سعودی حکام کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ حملے کی نوعیت یا اس سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بھی سرکاری سطح پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
