24 مئی سے تعلیمی ادارے، ریسٹورانٹس اور سیاحت کھولنے کا فیصلہ

این سی او سی نے ملک بھر میں24 مئی سے تعلیمی ادارے، ریسٹورنٹس اور سیاحت کھولنے کی اجازت دے دی، 5 فیصد سے کم شرح والے اضلاع میں مرحلہ وار سکول کھولنے کی اجازت ہوگی، ایس اوپیز کے ساتھ شعبوں کو کھولا جاسکے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی ادارے، سیاحتی مقامات سمیت دیگر کاروباری شعبے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
این سی اوسی نے یکم جون سے ریسٹورانٹس اور 24 مئی سے تعلیمی ادارے بھی کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ 24 مئی سے 5 فیصد سے کم کورونا کیسز والے اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے۔ مزار، سینماء گھر، ریسٹورانٹس کے اندر بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندیاں ہوگی۔ اسپورٹس، میلوں اور ثقافتی تقریبات پر بھی پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی۔ ان ڈور اور آؤٹ ڈور موسیقی، ثقافتی اور مذہبی تقریبات پر مکمل پابندی رہے گی۔ ہفتہ اور اتوار کو صوبوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کی پابندی بھی جاری رہے گی۔ اسی طرح یکم جون سے ریسٹورانٹس اور شادی ہالز کو آوَٹ ڈور کی اجازت ہوگی۔ شادی ہالز کو ڈیڑھ سو افراد کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یکم جون سے کھولے جانے والے شعبوں کا حتمی جائزہ27 مئی کو لیا جائے گا۔ اس سے قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا عندیہ دیا تھا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے ماس ویکسی نیشن سینٹر دورہ کے موقع پر کہا کہ اب تک 46 لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگوائی گئی ہے۔ ابھی تک ویکسی نیشن کا تجربہ اچھا رہا ہے۔ پاکستان میں ویکسی نیشن سے کسی قسم کے سائیڈ افیکٹس نہیں آئے۔ ویکسی نیشن بالکل محفوظ ہے۔ بندشیں لگوانا اچھا نہیں لگتا، جلدی ویکسین لگوائیں تاکہ کاروبار کھلے۔ این سی اوسی کی ٹیم نےعید کے دنوں میں بھی کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف نائن پارک میں بھی ویکسی نیشن سینٹر کا انتظام کیا ہے۔ کوشش کررہے ہیں کہ کچھ بندشوں میں نرمی کریں۔ اسی طرح این سی اوسی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں 2 لاکھ 12 ہزار 525 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 2 لاکھ 12 ہزار 525 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی، این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک 47 لاکھ 45 ہزار 378 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
