دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، درجنوں دیہات زیر آب

بھارت سے آنیوالے سیلابی ریلے نے قصور میں تباہی مچادی، درجنوں دیہات زیر آب آگئے، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ ہوگئیں، ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، دو لاکھ 78 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔آئندہ 24 گھنٹے میں مزید ریلوں کی آمد کا امکان ہے، دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے سے اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاول نگر میں بھی صورتحال سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی، ریسکیو اداروں نے مزید کشتیاں اور دیگر حفاظتی سامان پہنچا دیا۔دریائے ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب اونچے درجے میں تبدیل ہوگیا، قصور میں ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 23 فٹ سے بھی تجاوز کرگئی، درجنوں دیہات زیر آب آگئے، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ بھارت سے آج مزید پانی دریائے ستلج میں داخل ہوگا۔اوکاڑہ کے قریب گاؤں ہیڈ دونی والا میں سیلابی پانی نے تباہی مچادی، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر گ آگئیں، ریسکیو اہلکار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

اوکاڑہ میں اٹاری کے مقام پر ایک لاکھ کیوسک کے قریب ریلا گزر رہا ہے، سیلابی پانی کی وجہ سے پاکپتن کے درجنوں دیہات خطرے میں پڑگئے، زمینی رابطہ منقطع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، انتظامیہ نے سڑکیں ب چانے کیلئے ہیوی مشینری طلب کرلی۔بہاولنگر انتظامیہ نے دریا سے ملحقہ علاقوں کو خالی کرانا شروع کردیا، 19 فلڈ ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے، 4 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔میلسی میں بھی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا، سائیفن کے مقام پر پانی کی سطح 41 ہزار 403 کیوسک ہوگئی۔

پی ڈی ایم اے نے قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر اور بہاولپور کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کردیا، ستلج سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری اور لوگوں کی منتقلی کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔

سلیمانکی بیراج اوکاڑہ اور اسلام بیراج پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی ہے، سلیمانکی بیراج پر اگلے 24 گھنٹے میں ڈھائی لاکھ کیوسک تک کا ریلا پہنچے گا

Back to top button