حریم شاہ کس سیاستدان کی دلہن بنی ہیں؟

سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہے کہ معروف ٹاک سٹار حریم شاہ نے بالآخر شادی کر لی ہے۔ ان افواہوں کا آغاز حریم شاہ کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرنے سے ہوا جس میں ایک عورت کا انگوٹھی پہنا ہاتھ ایک مرد کے انگوٹھی پہنے ہاتھ پر رکھا ہوا نظر آ رہا ہے اور یہ بتانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان دونوں کی منگنی ہو گئی ہے۔
تاہم اپنی متنازع ویڈیوز اور مختلف سیاستدانوں اور اہم شخصیات کے ساتھ تصاویر منظر عام پر آنے کے باعث مشہور ہونے والی حریم شاہ نے سوشل میڈیا پر یہ معنی خیز پوسٹ کرتے ہوئے اسکا پس منظر نہیں بتایا۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے بتایا تھا کہ ان کی اور ٹک ٹاکر عمر بٹ کی بات پکی ہوگئی ہے۔ اس سے قبل ٹک ٹاک کی ایک اور مشہور جوڑی کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر بھی شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔ چنانچہ سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گرم ہے کہ شاید حریم شاہ نے بھی بالآخر سو چوہے کھانے کے بعد شادی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جیو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حریم شاہ نے شادی کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سے شادی کی ہے۔ تاہم حریم شاہ نے اپنے شوہر کا نام بتانے سے گریز کیا۔ حریم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کا نام اور شادی کی تفصیلات بارے جلد ہی مداحوں کو آگاہ کریں گی۔
حریم شاہ کا کہنا ہے کہ ان کی شادی ایک ہفتہ قبل ہوئی اور سوشل میڈیا پر وائرل عروسی لباس میں تصاویر در اصل ان کی شادی کی ہی ہیں۔ حریم کا مزید کہنا تھا کہ وہ جلد ہی ہنی مون کے لیے ترکی بھی جائیں گی۔
اس سے پہلے ایک انٹرویو میں شادی کے سوال پر حریم شاہ نے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں اور جب ان کی شادی ہونے ہوگی ہوجائے گی لیکن فوری طور پر ان کا شادی کا ارادہ نہیں ہے۔ ٹک ٹاک اسٹار کا کہنا تھا کہ فی الحال ان کے ارادے کچھ اور ہیں اور دوسری بات یہ کہ ان کی شادی کی عمر گزر چکی۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ وہ رومانوی شخصیت کی مالک ہیں اور ان کا دل بہت پیارا ہے، وہ کسی کے لیے برا نہیں سوچتیں۔ شیخ رشید سے شادی کے سوال پر انہیں بھائی قرار دینے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے یہ بھی کہا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ بطور بھائی انکی حفاظت کر رہے ہیں۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ شیخ صاحب سے اس لئے شادی نہیں کر سکتی کہ وہ ان کی ایک سہیلی کے شوہر ہیں لہازا رشتے میں انکے بہنوئی ہوئے۔
تاہم ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ حریم شاہ کی پہلی شادی ناکام ہو چکی ہے۔ دراصل اسکا اصل نام فضہ ہے اور اسکے والد محکمہ جنگلات میں گارڈ کی حیثیت سے ملازم تھے جب کہ اس کے چچا ایک سکول میں بطور چپڑاسی کام کرتے ہیںں۔ حریم کی والدہ ایک گاؤں کے پرائمری سکول میں استانی ہیں۔ حریم نے مقامی سکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی تھی اور اسکی شادی اپنے خالہ زاد کزن سے ہوئی تاہم زیادہ عرصہ نہیں چل سکی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس شادی سے حریم کی ایک بچی بھی ہے جو کہ دادا اور دادی پال رہے ہیں۔ تاہم حریم شاہ نے کبھی تسلیم نہیں کیا کہ وہ شادی شدہ ہیں اور ایک بچی کی ماں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی جھوٹی افواہیں وہ لوگ اٹھاتے ہیں جو ان کی مقبولیت سے حسد کرتے ہیں اور ان کی شہرت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
