ابرار حسین نیکوکارہ خودکشی کی وجوہات سامنے آگئیں

پولیس ٹریننگ اسکول روات کے پرنسپل سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ابرار حسین نیکوکارہ خودکشی کی وجوہات سامنے آگئیں۔ وہ گھریلو مسائل اور جھگڑوں کے باعث پچھلے ایک ماہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے جس نے انہیں خودکشی جیسے سنگین اقدام پر مجبور کیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے کمرے اور گیٹ پر موجود اہلکاروں کو خالی میگزین والی بندوق دی جاتی تھی۔ ان کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو بھی ایک خالی اور ایک بھری میگزین دی جاتی تھی۔
نیکوکارہ کی خودکشی کے بعد محکمہ پولیس نے تمام افسران اور اہلکاروں کی مینٹل پروفائیلنگ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام افسران و اہلکاروں کے نفسیاتی پروفائلنگ ٹیسٹ کرائے جائیں گے، پنجاب پولیس کے تربیتی اسکولز میں بھی ماہرین نفسیات کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایس ایس پی نیکوکارہ پولیس ٹریننگ اسکول (پی ٹی ایس) روات کے پرنسپل تھے، اس سے قبل وہ سی ٹی او فیصل آباد اور ڈی پی او خوشاب بھی تعینات رہے تھے۔ وہ چنیوٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب جنرل سکریٹری میاں عرفان نیکوکارہ کے بھائی اور چنیوٹ کے نواحی علاقے ہرسہ شیخ کے رہائشی تھے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پولیس لائینز قلعہ گجر سنگھ میں ڈی آئی جی شہزاد اسلم صدیقی کو ایک کانسٹیبل نے چاقو سے حملہ کرکے زخمی کر دیا تھا۔ نفسیاتی پروفائلنگ کا فیصلہ انہی واقعات کے بڑھنے پر کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button