اداکارمعمر رانا کا پریانکا چوپڑا سے کرش کیسے ختم ہوا؟

پاکستان فلم انڈسٹری میں نام بنانے والے اداکار معمر رانا نے انکشاف کیا ہے کہ جب انھوں نے پہلی مرتبہ پریانکا چوپڑا کو بغیر میک اپ کے دیکھا تو حیران رہ گئے، اداکار کے مطابق پریانکا کا حلیہ کالے نمک سے مشابہہ تھا، اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انٹرویو کرنے والے یوٹیوبر کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔فلم اسٹار نے حال ہی میں نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے فلمی کریئر اور بالی ووڈ اداکاروں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں ایک ہی قسم کے ڈرامے بنائے جا رہے ہیں، میرے پاس جن ڈراموں کے سکرپٹس آتے ہیں ان میں عورت کو ہمیشہ رُلایا جاتا ہے اور مرد کو بُرا دکھایا جاتا ہے، میری بھی اپنی بیٹیاں ہیں، ایسے کردار میں کیسے کرسکتا ہوں، ایسے کردار کرنے سے ہیرو کا امیج خراب ہوجاتا ہے۔معمر رانا نے ماضی کی 90 کی دہائی کی مقبول فلم ’چوڑیاں‘ پر بھی بات کی، انہوں نے ’چوڑیاں‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ہالی وڈ فلم ٹائٹینک ریلیز ہوئی تو اسی دن میری پنجابی فلم چوڑیاں بھی ریلیز ہوئی تھی، جب چوڑیاں کے پروڈیوسرز کو معلوم ہوا کہ ٹائٹینک کے ساتھ فلم چوڑیاں ریلیز ہونے جارہی تو انہیں غصہ آیا، یہ واحد فلم تھی جس کا ٹریلر نہیں بنایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ فلم چوڑیاں کی ریلیز کے پہلے دن سنیما میں 15 سے 20 لوگ بیٹھے ہوئے تھے، اور دوسری جانب ٹائٹینک دیکھنے کے لیے لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔معمر رانا نے دعویٰ کیا کہ جب لوگوں کو معلوم ہوا کہ میری فلم ’چوڑیاں‘ بھی اسی دن نمائش کے لیے لگی ہوئی ہے تو جو لوگ ٹائٹینک دیکھ رہے تھے وہ میری فلم دیکھنے آگئے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ چوڑیاں اتنی ہٹ ہوگئی تھی کہ ایک انگریزی اخبار کی ہیڈلائن میں لکھا تھا ’ٹائیٹینک ڈوب گیا‘، میں بہت حیران تھا کہ پوری دنیا میں ٹائٹینک نے اربوں ڈالرز کا برنس کیا اور پاکستان میں ’چوڑیاں‘ نے اسے آگے جانے ہی نہیں دیا۔انٹرویو کے دوران نادر علی نے کہا کہ ’آپ بالی ووڈ اداکاروں کے نام بتا دیں جنہیں کوئی شخص میک اپ کے بغیر دیکھ کر حیران ہو جائے، جس کے جواب میں معمر رانا نے کہا کہ ’جی ایسا میرا ساتھ ہوچکا ہے، میں اور سلمان خان ایک ساتھ کسی تقریب میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اس دوران ایک خاتون میرے ساتھ آکر بیٹھ گئیں، میں اس خاتون اور سلمان خان کے درمیان بیٹھا ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ’سلمان خان اور وہ خاتون دونوں آپس میں بات کررہے تھے، میں کبھی آگے اور کبھی پیچھے ہورہا تھا، اور پھر وہ خاتون تھوڑی دیر بعد اٹھ کر چلی گئیں، میں نے سلمان خان سے پوچھا کہ یہ خاتون کون تھیں، جس پر سلمان خان نے کہا کہ ’کیا تم نے نہیں پہچانا؟‘ میں نے کہا کہ ’نہیں‘۔معمر رانا نے بتایا کہ ’وہ خاتون پریانکا چوپڑا تھیں، انہیں دیکھ کر میرا ان پر کرش (crush) ختم ہوگیا۔‘ بعدازاں نادر علی نے مزاحیہ انداز میں پریانکا چوپڑا کو ’کالے نمک‘ سے بھی تشبیہ دی۔اداکارہ کا مذاق اڑانے پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ’نادر علی کو پوڈکاسٹ چھوڑدینا چاہئے، ایک اور صارف نے لکھا کہ ’نادر علی کا بائیکاٹ ہونا چاہئے۔اس سے قبل بھی یوٹیوبر کی جانب سے نامناسب سوالات اور تبصرہ کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔نادر علی اپنے پوڈکاسٹ میں اداکارہ سنیتا مارشل سے بھی مذہب تبدیلی سے متعلق نامناسب سوالات کرچکے ہیں، جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا بعدازاں انہوں نے اپنے عمل پر معافی بھی مانگی۔
