اداکارہ اریبہ حبیب کو بشریٰ بی بی بننا مہنگا کیوں پڑ گیا؟

مغربی ممالک میں ہر برس 31 اکتوبر کو منائے جانے والے چڑیلوں اور بھوتوں کے تہوار ہالووین کے موقع پر عمران خان کی تیسری بیوی بشریٰ بی بی جیسا روپ دھارنے پر اداکارہ اریبہ حبیب تنقید کی زد میں آ گئیں۔ یاد رہے کہ ہالووین کے تہوار پر لوگ بھوتوں اور چڑیلوں جیسا روپ دھار کر ایک دوسرے کو ڈراتے ہیں، اس تہوار کو جدید دور میں منانے کا آغاز امریکا سے 1920 سے ہوا تھا۔ ہماری شوبز شخصیات بھی ہیلووین کے تہوار کو جوش و خروش سے مناتی دکھائی دیتی ہیں۔
اریبہ حبیب نے بھی دیگر شوبز و فیشن انڈسٹری کی شخصیات کے ہمراہ ہالووین کا تہوار منایا لیکن کوئی ڈراؤنا میک اپ کرنے کے بجائے بشریٰ بی بی جیسا نقاب اور لباس پہن کر اپنی تصویریں سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی، جن پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر اسلامی لباس اور پردہ دار خاتون کا مذاق اڑانے کا الزام لگایا۔
اریبہ حبیب نے بشریٰ بی بی جیسے لباس والی تصاویر انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔ ان تصاویر میں اریبہ حبیب کو بلکل بشریٰ بی بی جیسے لباس اور فیشن میں دیکھا جا سکتا ہے، ان کی تصاویر دیکھنے سے ہی گمان ہوتا ہے کہ وہ بشریٰ بی بی ہیں۔ ایک تصویر انہوں نے یاور اقبال کے ساتھ بھی شیئر کی، لیکن کپتان کے عمرانڈوز نے اریبہ حبیب پر تنقید کرتے ہوئے انہیں شرم دلانے کی کوشش کی کہ انہوں نے باپردہ اور معزز خاتون کے لباس کا مغربی اور شیطانی دن پر مذاق اڑایا بعض لوگوں نے اریبہ حبیب اور یاور اقبال کو گالیاں اور بد دعائیں بھی دیں۔
لوگوں کی تنقید کے بعد اریبہ حبیب نے انسٹاگرام اسٹوری میں بشریٰ بی بی جیسا لباس پہننے پر معذرت کی اور بتایا کہ وہ نہ صرف اپنے مذہب کی بے انتہا عزت کرتی ہیں بلکہ انہیں بشریٰ بی بی کا لباس بھی بے حد پسند ہے اور انہوں نے ان سے اظہار محبت کی خاطر ہی ایسا لباس پہنا۔انہوں نے لوگوں سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنی غلطی پر دل سے معافی کی طلب گار ہیں اور آئندہ وہ یہاں ایسی چیزیں شیئر کرنے سے قبل ان کا سنجیدگی سے جائزہ لیں گی۔
