اداکارہ حبا بخاری کس سے شادی کرنے جا رہی ہیں؟

’دیوانگی، یہ عشق ہے، ہارا دل، تڑپ اور بے رخی‘ سمیت دیگر ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے والی حبا بخاری نے عندیہ دیا ہے کہ وہ جلد پیا گھر سدھار جائیں گی۔
انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے شادی سے متعلق تصدیق کی کہ وہ جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گی۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ ان دنوں ملک سے باہر ہیں جہاں وہ ترکی و دبئی میں ہونے والے ایوارڈز شوز میں شرکت کریں گی۔
زیادہ تر مداحوں نے ان سے سوال کرنے کے بجائے ان کی اداکاری اور خوبصورتی کی تعریف کی، تاہم کچھ افراد نے ان سے شادی سے متعلق بھی پوچھا۔ ایک مداح نے انہیں تجویز دی کہ وہ شادی سے متعلق پوچھے گئے کسی بھی سوال کا جواب نہ دیں، کیونکہ ان کے جواب کو بنیاد بنا کر ویب سائٹس اور میڈیا والے لوگ خبریں لگائیں گے۔
ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ وہ کس سے شادی کرنے جا رہی ہیں؟ جس پر انہوں نے قسم کھاکر کہا کہ وہ کسی ’لڑکے‘ سے ہی شادی کریں گی۔
ایک اور شخص نے بھی ان سے ایسا ہی سوال کیا، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ لڑکے سے ہی شادی کرنے جا رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ جلد ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اب سنگل نہیں ہیں، وہ کسی کے ساتھ تعلقات میں ہیں اور اسی سے شادی کا ارادہ بھی رکھتی ہیں۔
حبا بخاری کی شادی سے متعلق چند ماہ سےہی چہ مگوئیاں چل رہی ہیں اور خبریں ہیں کہ اداکارہ سال کے اختتام تک رشتے میں بندھ جائیں گی۔ کہا جاتا رہا یے کہ اس سال کے اختتام تک حبا بخاری منگنی کریں گی اور سال 2022 کے آغاز میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
