اداکارہ زارا ترین نے کس ہالی ووڈ اداکار سے شادی کی ہے؟

پاکستانی نژاد امریکی ہالی ووڈ اداکار فاران طاہر نے پاکستانی اداکارہ زارا ترین کو اپنا جیون ساتھی بنالیا ہے اور اب یہ اطلاعات ہیں کہ زارا اپنے شوہر کے ساتھ امریکہ منتقل ہو جائیں گی۔ فاران طاہر معروف پاکستانی اداکار نعیم طاہر اور اداکارہ یاسمین طاہر کے چھوٹے بیٹے ہیں جبکہ اداکار علی طاہر ان کے بڑے بھائی ہیں۔ زارا اور فاران کی شادی کی تقریبات 5 نومبر سے 8 نومبر تک پاکستان میں ہوئیں۔ دونوں میاں بیوی نے انسٹا گرام پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی شادی سے آگاہ کیا ہے۔
اداکارہ زارا ترین کی چھوٹی بہن حرا ترین نے بھی دونوں کی شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انکی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور کئی شوبز شخصیات نے انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی ہے۔ شادی کی تقریبات کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں زارا ترین اور ان کے دولہے فاران طاہر کو ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیوز میں دونوں کے اہل خانہ کو مختلف گانوں پر رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کہا جاتا رہا ہے کہ شادی کے بعد زارا امریکا منتقل ہو جائیں گی اور اب ہالی وڈ میں اپنا کیریئر آگے بڑھائیں گے۔ ان کے شوہر فاران طاہر امریکی شہری ہیں، ان کی پیدائش بھی وہیں ہوئی تھی اور وہ اب تک 25 ہالی ووڈ فلموں میں مختصر اور معاون کرداروں سمیت مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔
اپنے والد، والدہ اور بھائی کی طرح شوبز کی دنیا میں نام بنانے واکے فاران اب تک 70 کے قریب تھیٹر ڈراموں میں بھی اپنا ہنر پیش کر چکے ہیں۔ 1989 میں فاران طاہر نے امریکی ٹیلی وژن سے فنی کیرئیر کی ابتدا کی اور ڈراما سیریز ’مڈ نائٹ کالر‘ میں کام کیا۔ اس کے بعد سے اب تک وہ 180 ڈرامہ سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ فاران طاہرنے 70 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن پر اپنی والدہ یاسمین طاہر کے ہمراہ ایک مختصر کردار بھی ادا کیا تھا، اسے ان کی اداکاری کی ابتدا کہا جا سکتا ہے، ان کے بھائی علی طاہر معروف اداکار ہیں جو ان دنوں ’ہم کہاں کے سچے تھے ، میں کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ فاران کی دُلہن زارا ترین نے بھی متعدد پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہے، اداکاری سے قبل وہ ماڈلنگ کی دنیا میں جلوے بکھیر چکی ہیں اور دونوں نے محبت کی شادی کی ہے۔
