بالآخر اداکارہ سونیا حسین کو بھی پہلا ایوارڈ مل ہی گیا

لکس سٹائل ایوارڈز میں کوئی بھی ایوارڈ نہ دیے جانے پر سرعام اپنی ناراضی کا اظہار کرنے والی خوبصورت اداکارہ سونیا حسین نے بالآخر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت ہی لیا۔
سونیا نے کچھ عرصہ پہلے اپنے معروف ڈرامے ’’سیراب‘‘ کو نظر انداز کرنے پر لکس سٹائل ایوارڈز کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم بہترین اداکارہ کا پیسا ایوارڈ ملنے پر سونیا سٹیج ہر ہی آبدیدہ ہوگئیں۔ اداکارہ نے اپنے رونے کی ویڈیو کو انسٹا گرام سٹوریز بھی شیئر کیا یے۔ سونیا حسین کو 5 نومبر کو ہونے والے ’پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز‘ یعنی پیسا میں بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا جسے وصول کرنے کے دوران وہ جذبات پر کنٹرول نہ رکھ پائیں۔ ’پیسا‘ ایوارڈز کی تقریب میں سونیا حسین کے علاوہ اداکارہ سارا خان کو بہترین پاپولر ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ فیروز خان اور محب مرزا نے مشترکہ طور پر بہترین ٹی وی اداکار کا ایوارڈ جیتا۔
اس تقریب میں مجموعی طور پر 24 ایوارڈز دیئے گئے۔ مہوش حیات کو سینما انڈسٹری میں خدمات انجام دینے پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا جبکہ اداکار ہمایوں سعید کو لائیف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سونیا جب اپنا ایوارڈ وصول کرنے اسٹیج پر پہنچیں تو فرط جذبات سے رو پڑیں۔ وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سونیا حسین سٹیج پر چند منٹ تک روتی رہیں اور اشکبار ہونے کی وجہ سے بات بھی نہیں کر پا رہی تھیں۔ پھر اپنے جذبات پر قابو پاتے ہوئے انہوں نے کیریئر کا پہلا ایوارڈ دیے جانے پر پیسا انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ سونیا نے بتایا کہ انہیں اداکاری کی دنیا میں آئے سات برس گزر چکے مگر انہیں پہلی بار کوئی ایوارڈ ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 7 سالوں میں انہیں 16 مرتبہ ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا مگر کبھی بھی ایوارڈ نہیں دیا گیا۔
سونیا نے پیسا ایوارڈ کو اپنی والدہ اور ذہنی مسائل سے دوچار افراد کے نام کر دیا۔
یاد رہے کہ ڈرامہ سیریز ’سراب‘ میں سونیا نے ذہنی بیماری اور مسائل سے دوچار لڑکی کا کردار ادا کیا تھا جسے بہت ذیادہ سراہا گیا تھا۔ سونیا نے 2013 میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور وہ اب تک تین درجن سے زائد ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔
