اداکارہ سرہا اصغر نے باڈی شیمنگ کا طعنہ دینے والوں کو کیا کہا؟

باڈی شیمنگ کا شکار ہونے والی پاکستانی اداکارہ سرہا اصغر نے خواتین کو موٹا ہونے کے طعنے دینے والے افراد کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا ہے کہ جو جیسا ہو، اس کو اسی طرح قبول کیا جانا چاہئے۔ پیار کے صدقے، آخر کب تک اور بے باک جیسے ڈراموں میں دکھائی دینے والی سرہا اصغر کا آج کل ڈرامہ ’’اوئے موٹی‘‘ایکسپریس انٹر ٹینمنٹ پر آن ائیر ہے، سرہا اصغر ڈرامہ سیریل میں ایک بڑھے ہوئے وزن سے پریشان لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
ایکسپریس انٹرٹینمنٹ پر اپنے ماضی کے بڑھے ہوئے وزن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سراہا نے انکشاف کیا کہ جب وہ موٹی تھیں اور انہیں باڈی شیمنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔سرہا کا کہنا تھا کہ ’میں جب موٹی تھی تو لوگ باڈی شیمنگ کرتے تھے، ایک قصہ مجھے یاد ہے کہ جب میں نے سوشل میڈیا کے ایک پلیٹ فارم پر اپنی تصویر لگائی تو ایک لڑکی نے باقاعدہ میرے پیٹ پر ایرو بنا کر دکھایا کہ یہ دیکھو اس کا پیٹ کتنا موٹا ہے، باڈی شیمنگ ہوتی ہے، مجھے بہت لگا تھا اور وہ بات میرے دل پر لگ چکی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وہ بات اپنے دل میں 7 سال رکھی اور میں نے اس دورانیے میں سوچا کہ مجھے اس سوسائٹی کو بتانا ہے کہ میں کون ہوں اور ان کو یہ بھی بتانا ہے کہ جو جیسا ہے اسے ویسا ہی قبول کرنا چاہئے۔ سرہا کا کہنا تھا کہ ’اگر کوئی لڑکی موٹی ہے تو کیا اس کی شادی نہیں ہو سکتی؟ اگر کوئی موٹی ہے تو کیا وہ پڑھ لکھ نہیں سکتی کچھ حاصل نہیں کر سکتی۔سرہا نے کہا کہ جیسا مجھے کہا گیا باڈی شیمنگ کی گئی مجھے بُرا لگا اور باقی لوگوں کو بھی لگتا ہے، میں یہ کہوں گی کہ ہمیں یہ سب نہیں کرنا چاہیے ہمیں اپنے بارے میں سوچنا چاہیے اور اپنے اردگرد دیکھنا چاہیے ہر گھر میں کوئی فرد موٹا ضرور ہوتا ہے۔
سرہا اصغر نے پیغام دیا کہ کسی کو یہ بتانا نہیں چاہئے کہ اس میں یہ مسئلہ ہے، مسئلے ہر کسی میں ہوتے ہیں مگر اسے قبول کرنا چاہئے، یاد رہے کہ سرہا اصغر اور ماریہ واسطی کا ڈرامہ ’اوئے موٹی‘ ہر بدھ کی رات 8 بجے ایکسپریس انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جارہا ہے۔
