اداکارہ مریم نفیس نے شوہر سے کتنا حق مہر لیا؟

معروف اداکارہ مریم نفیس نے شادی کے دو سال بعد مداحوں کو حق مہر سمیت دیگر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شادی میں صرف 90 افراد نے شرکت کی تھی۔اداکارہ مارچ 2022 میں ہدایت کار امان احمد کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھیں تھیں اور اب انہوں نے پہلی بار اپنی شادی سے متعلق کھل کر بات کی ہے، فوچیا میگزین کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ ان کی شادی کی مرکزی تقریب میں صرف 90 افراد نے شرکت کی تھی اور انہوں نے اپنے بعض رشتے داروں کو بھی نہیں بلایا تھا۔مریم نفیس کے مطابق وہ چاہتے تھے ان کی شادی سادگی سے ہو، اس لیے زیادہ تقریبات نہیں رکھیں، ان کا نکاح فیصل مسجد میں ہوا تھا اور وہ نکاح نامے پر دستخط کرتے وقت بے حد روئی تھیں جس پر سب پریشان ہوگئے تھے، انہوں نے اسلام آباد کے پرتعیش ہوٹل میں کچھ افراد کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا، جس کے بعد وہ باراتیوں سمیت سوات چلے گئے، جہاں ان کی شادی کی دیگر تقریبات ہوئیں اور دو دن بعد واپس آگئے، ان کے شوہر یورپی ملک یونان میں شادی کرنا چاہتے تھے لیکن پھر انہوں نے سوات کا انتخاب کیا۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے حق مہر میں 2200 روپے لیے، وہ حق مہر لینا ہی نہیں چاہتی تھیں جبکہ شوہر نے انہیں کھلے دل سے اجازت دی کہ جو چیز مانگنی ہے مانگو لیکن پھر انہوں نے شریعت کے حساب سے صرف 2200 روپے لیے، انہوں نے اپنا نکاح نامہ پڑھا، جس میں انہیں خلع کا حق دیا گیا ہے اور وہ یہ پڑھ کر آبدیدہ ہوگئیں، جس پر بعض افراد نے سمجھا کہ شاید ان کی زبردستی شادی کروائی جا رہی ہے۔مریم نفیس نے کہا کہ ’میری والدہ مجھ سے یہ بھی کہتی تھیں کہ شادی کے بعد جو چاہو کرلینا لیکن میں جلدی شادی نہیں کرنا چاہتی تھی کیونکہ میرے لیے اپنی پسند کا ایسا شخص تلاش کرنا بہت مشکل تھا جس کی سوچ مجھ سے ملتی ہو، میں نے امان سے شادی اس لیے کی کیونکہ ہم دونوں کی سوچ اور بنیادی اقدار ایک جیسے ہیں۔
