اداکارہ کرن کھیر کی کینسر کو ہرانے کے بعد سکرین پر واپسی


معروف بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر کی اہلیہ اور رکن لوک سبھا 69 سالہ کرن کھیر بلڈ کینسر جیسے موذی مرض کو شکست دینے کے بعد چھوٹی سکرین پر واپسی کی تیاری میں ہیں اور اب مداح ان کو سکرین پر ایک جج کے روپ میں دیکھیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ کرن کھیر جلد ہی میوزیکل ریئلٹی شو ’انڈیا گاٹ ٹیلنٹ‘ کے نویں سیزن میں بطور جج سکرین پر دکھائی دیں گی، کرن کھیر گزشتہ 9 سال سے اس شو میں بطور جج آ رہی ہیں، رواں برس ان کی بیماری کی وجہ سے خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ شو کا حصہ نہیں ہوں گی تاہم اب اداکارہ اور شو انتظامیہ نے ان کی واپسی کی تصدیق کر دی ہے۔ سکرین پر واپسی کے حوالے سے کرن کھیر نے میڈیا کو جاری بیان میں خوشی کا اظہار کیا کہ وہ اس سال بھی ’انڈیا گاٹ ٹیلنٹ‘ میں شلپا شیٹی، گلوکار بادشاہ اور سونالی باندرے کے ہمراہ جج کی خدمات انجام دیں گی۔اداکارہ نے کہا کہ وہ شروع سے ہی میوزیکل شو کی مداح رہی ہیں، انہیں خوشی ہے کہ وہ پہلے شو سے لے کر اب تک کے ہر شو میں جج کے طور پر کام کرتی آئی ہیں۔

گزشتہ ماہ کرن کھیر کو ہسپتال سے واپسی پر گھر میں کام کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا اور اداکارہ نے بتایا تھا کہ اب ان کی طبیعت بہتر ہے۔ہندوستان ٹائمز‘ کو انٹرویو میں اداکارہ نے تصدیق کی تھی کہ اب مسلسل ان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے تاہم واضح نہیں کیا تھا کہ ان کا کینسر کس سٹیج پر ہے۔ جب انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا تب بھارتی میڈیا نے بتایا تھا کہ اداکارہ کی کیموتھراپی ہوگی اور وہ ہر ماہ ہسپتال جایا کریں گی ۔ ہسپتال سے واپسی کے بعد کرن کھیر نے انسٹا گرام پر گھر سے کام کرنے کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں جبکہ صحت یابی کے لیے مداحوں کی دعاؤں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

کرن کھیر میں بلڈ کینسر کی تشخیص کا اعلان ان کے شوہر اداکار انوپم کھیر اور بیٹے سکندر کھیر نے رواں برس اپریل میں کیا تھا اور ایک ماہ بعد مئی میں ہی ان کی موت کی جھوٹی خبریں وائرل ہوئی تھیں۔کرن کھیر سے قبل گزشتہ برس بالی ووڈ اداکار رشی کپور اور عرفان خان بھی کینسر سے زندگی کی بازی ہار گئے تھے جبکہ اداکارہ سونالی باندرے بھی بریسٹ کینسر کا شکار ہوئی تھیں تاہم وہ صحت یاب ہوگئیں۔ سینئر اداکارہ نفیسہ علی بھی کینسر کا شکار ہوئی تھیں تاہم وہ بھی صحت یاب ہوکر سکرین پر واپس آ گئی تھیں۔اسی طرح اداکار سنجے دت میں بھی پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی مگر وہ بھی جلد ہی صحت یاب ہوگئے تھے۔

Back to top button