اداکار عاشر کو شوبز میں چیلنجز کا سامنا کیوں نہیں کرنا پڑا؟

نوجوان اداکار عاشر وجاہت نے انکشاف کیا ہے کہ والدین کی اچھی تربیت اور بروقت رہنمائی کی وجہ سے انہیں شوبز کیرئیر میں کبھی بھی چیلنجز کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔عاشر وجاہت نامور ہدایت کار وجاہت رؤف اور پروڈیوسر شازیہ وجاہت کے بیٹے ہیں، انہوں نے کم عمری میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا اور خوش قسمتی سے اپنی فلم ’’جان (Jhon)‘‘ میں مرکزی کردار بھی ادا کر چکے ہیں جو 14 جولائی کو ریلیز ہوئی تھی، اس کےعلاوہ وہ متعدد ڈراموں میں بھی کاسٹ ہو چکے ہیں جن میں چاند تارا، پنجرہ، سوتیلی اور دیگر شامل ہیں جبکہ فلم ’چھلاوا‘ اور فلم ’لاہور سے آگے‘ میں بھی کاسٹ ہو چکے ہیں۔حال ہی میں انہوں نے معروف پاکستانی انٹرٹینمنٹ میگزین ’’ہیلو پاکستان کو انٹرویو دیا جہاں عاشر نے اپنے اب تک کے کیریئر اور مستقبل کی خواہشات کا ذکر کیا، 20 سالہ اداکار نے اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’جان‘ کے بارے میں بتایا کہ ’جان‘ ان کے کیریئر کا اہم اور انتہائی دلچسپ پروجیکٹ تھا اور فلم کی شوٹنگ کا تجربہ انتہائی شاندار رہا۔فلم کے سکرپٹ اور اس میں کام کرنے کی وجہ سے متعلق سوال پر عاشر وجاہت نے بتایا کہ ’مجھے فلم کی کہانی بہت پسند تھی، اس کے علاوہ فلم کے مرکزی کردار کی پیشکش ہونا میرے لیے اعزاز کی بات تھی، فلم میں جان کا کردار بہت دلچسپ ہے، اس فلم میں زیادہ ڈائیلاگ نہیں ہیں لیکن وہ کردار اپنی آنکھوں اور چہرے کے تاثرات کے ذریعے اداکاری کرتا ہے، ایک اداکار کے طور پر اس کا میں نے فائدہ اٹھایا اور مجھے خود سے چیزیں کرنے کا موقع ملا۔عاشر وجاہت کا کہنا ہے کہ ’میرے خیال سے میں نے جن مشکلات کا سامنا کیا وہ یہ ہیں کہ جب آپ بہت کم عمری میں اداکاری کرنا شروع کر دیتے ہیں، اس کے درمیان ایک وقت ایسا آتا ہے جب کام ملنا بہت مشکل ہو جاتا ہے، انڈسٹری میں بہت زیادہ مقابلہ ہے، یہ کوئی چیلنج نہیں تھا، لیکن میں کچھ مختلف کرنا چاہتا تھا، جو میرے کام کو نمایاں کرے کیونکہ ہماری انڈسٹری میں بہت سارے اچھے اداکار موجود ہیں، لہٰذا نمایاں اور منفرد کام کرنا ضروری ہے۔عاشر وجاہت نے کہا کہ ’لوگ جانتے ہیں کہ میرے والدین شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات ہیں لیکن میرا ہنر ان سے الگ ہے، فلم جان کے علاوہ دیگر پروجیکٹس میں کام کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے عاشر وجاہت نے کہا کہ ’حال ہی میں امریکا میں فلم ’جان‘ کی سکریننگ ہوئی، اس لیے ابھی اسی فلم کے پروموشن میں مصروف ہوں، اب میں ٹی وی ڈراموں میں کام کروں گا، ایک دو پروجیکٹس میں کام کرنے کی بات ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ فلم ’جان‘ کی کہانی ایک غریب طبقے کے لڑکے اور اس کی محبت سمیت اس کی زندگی میں آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے، ’جان‘ میں مرکزی کردار عاشر وجاہت نے ادا کیا ہے جبکہ رومیسا خان نے ہیروئن کا کردار ادا کیا۔

Back to top button