اداکار فردوس جمال کا 12 گھنٹے طویل کینسر کا کامیاب آپریشن

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار فردوس جمال کا 12 گھنٹے طویل کینسر کا آپریشن کامیاب رہا ہے جس کے دوران ٹیومر نکال دیا گیا جبکہ اداکار نے چلنا، پھرنا شروع کر دیا ہے، فردوس جمال کے بیٹوں نے والد کی صحت سے متعلق مداحوں کو سوشل میڈیا پر آگاہ کیا۔
کم از کم 300 ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار فردوس جمال دسمبر 2021 میں کینسر کا شکار ہوگئے تھے، تب سے وہ زیر علاج ہیں، تقریبا دو سال تک کیموتھراپیز کروانے کے بعد دو دن قبل ان کی سرجری کی گئی، جس سے متعلق ان کے بیٹے ماڈل و اداکار بازل فردوس سمیت حمزہ فردوس نے بھی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے آگاہی دی۔
حمزہ فردوس نے اپنی انسٹا گرام سٹوریز میں بتایا کہ ان کے والد کی 12 گھنٹے تک طویل سرجری کی گئی، جس دوران ان کا ٹیومر نکال دیا گیا اور اب وہ بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
اداکار کے بیٹے بازل فردوس نے والد کی آپریشن سے قبل اور آپریشن کے بعد کی ویڈیوز بھی ٹک ٹاک پر شیئر کیں، جن میں اداکار کو ویل چیئر پر دیکھا جا سکتا ہے اور سرجری کے بعد کی ویڈیوز میں انہیں پیرا میڈیکل سٹاف کی مدد سے آہستہ آہستے چلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فردوس جمال کے بیٹے نے والد کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے اور انہوں نے سرجری کے کئی گھنٹے بعد چلنا پھرنا شروع کر دیا۔
انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ان کے والد کا کہاں سے ٹیومر نکالا گیا اور انہیں کس قسم کا کینسر لاحق ہے، کینسر کے علاج کے دوران دسمبر 2022 میں فردوس جمال کے انتقال کی جھوٹی خبریں بھی وائرل ہوئی تھیں، جس پر سینئر اداکار نے وضاحتی ویڈیو جاری کرتے ہوئے ایسی خبروں پر اظہار افسوس کیا تھا۔فردوس جمال میں کینسر کی تشخیص کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ان کے علاج کے لیے ایک کروڑ روپے کی امداد بھی جاری کی تھی۔
کینسر کا شکار ہونے سے قبل زائد العمری کے باوجود فردوس جمال کو شوبز مصروفیات میں متحرک دیکھا جاتا رہا تھا، وہ ٹی وی شوز سمیت ڈراموں میں بھی دکھائی دیتے رہے تھے، فردوس جمال نے 1970 کے بعد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پشاور سینٹر سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ابتدائی طور پر انہوں نے ہندکو اور پشتو ڈراموں میں جوہر دکھائے تھے۔
اداکار کا شمار 1980 سے 1990 کے مقبول پی ٹی وی اداکاروں میں ہوتا ہے، انہیں ان کی شاندار اداکاری کی بدولت 1986 میں صدارتی ایوارڈ حسن برائے کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا، فردوس جمال نے کم از کم 300 ڈراموں اور 100 سے زائد تھیٹرز اور ریڈیو ڈراموں کے علاوہ 4 درجن سے زائد فلموں میں بھی کام کیا، فردوس جمال نے اداکاری کے علاوہ ہدایت کاری، گلوکاری اور پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی کی، ان کے بڑے صاحبزادے حمزہ فردوس بھی اداکار ہیں۔
