ارشد شریف قتل کیس ، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا دبئی پولیس کو خط

معروف صحافی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کے معاملے پر ایف آئی اے کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے دبئی پولیس کو خط لکھا ہے۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی  کے خط  کے مطابق ارشد شریف کو جاری کیے گئے ویزا اور ٹریول دستاویزات فراہم کیے جائیں، ارشد شریف کی دبئی میں رہائش کی تمام تفصیلات فراہم کی جائیں اور رہائش گاہ کے ارد گرد کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کی جائیں۔

خط کے مطابق دبئی میں ارشد شریف کہاں کہاں گئے اور کس کس سے ملے اس کی تمام تفصیلات درکار ہیں، ارشد شریف کا ویزا کینسل کیا گیا؟ اگر ہاں تو کن وجوہات کی بنا پر کینسل کیا گیا۔

 

خط کے متن کے مطابق ارشد شریف کے نمبر کی سی ڈی آر فراہم کی جائیں جبکہ 10 اکتوبر سے 20 اکتوبر سے دبئی آنے والے پاکستانی پاسپورٹ ہولڈر کا ڈیٹا اور سلمان اقبال اور طارق وسیع کے نمبر کی سی ڈی آر بھی فراہم کی جائے،یو اے ای حکومت کے کس عہدے دار نے ارشد شریف کو ملک چھوڑنے کا کہا؟ اسکی معلومات بھی فراہم کی جائیں۔

واضح رہے کہ معروف صحافی اور اینکر ارشد شریف کو 23 اکتوبر کو کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

Back to top button