اسلام آبادمیں ایک بارپھردفعہ144نافذ

اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کے ضلعی مجسٹریٹ نے شہر میں مختلف پابندیاں عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے غیر قانونی تشہیر کرکے فراڈ کے ذریعےعوام سےرقم بٹوری جاتی ہے، لہٰذا ان کی تشہیرپرپابندی لگادی گئی۔
شہرمیں ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر، اخبارات میں اشتہارات دینے، پلاٹس فروخت کرنے، ممبرشپ فیس لینے سے متعلق تمام قسم کی تشہیر پر پابندی لگادی گئی۔ ذرائع کے مطابق ضلعی مجسٹریٹ نے خیابان سہروردی، تھرڈ ایوینو، فورتھ ایونیو اورسرینہ چوک سمیت ریڈزون میں 5 یا اس سے زائد افراد اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کردی۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں پہاڑوں کی کھدائی سمیت فرقہ واریت میں استعمال ہونے والے سی ڈی، ڈی وی ڈی اور ساؤنڈ سسٹم پر بھی پابندی عائد کردی۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ نے شہر میں آتش بازی، اس کا سامان رکھنے، خرید و فروخت کرنے پر بھی پابندی عائد کردی جبکہ آتش بازی کے اوزار رکھنے کی بھی ممانعت ہوگی۔
وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں شہربھرمیں فرقہ واریت پر مبنی بینرز لگانے، وال چاکنگ کرنے اور پمفلٹس بانٹنے پر بھی پابندی لگادی گئی۔ضلعی انتظامیہ کے اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد میں لاؤڈ اسپیکر سے فرقہ واریت پر مبنی تقاریر پربھی پابندی ہوگی جبکہ تمام قسم کے جلسے، جلوس، اجلاس، مجالس اور مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق یہ تمام پابندیاں دفعہ 144 کے تحت ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت نےعائد کی۔ ان تمام پابندیوں کا اطلاق 14 جنوری سے آئندہ 2 ماہ تک ہوگا جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button