اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار نظر آ رہی ہے، کل میں ہی جیتوں گا

چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کےلیے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار نظر آ رہی ہے، کل میں جیتوں گا، علی حیدر گیلانی کی وڈیو کے معاملے پر بات نہیں کر سکتا۔
تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار نظر آ رہی ہے؟ اس کے جواب میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت تک تو غیر جانبدار نظر آ رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ کو غیر جانبدار رہنا چاہیے اور وہ رہیں گے، ہمارے ارکان کو ابھی تک کال نہیں آئی، اس لیے کہا ہے وہ غیر جانبدار ہیں۔ جب ان سے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں کامیابی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ان شاءاللہ ہم جیت جائیں گے، ایک صحافی کی جانب سے پی ڈی ایم امیدوار سے سوال کیا گیا کہ حکومت نے کہا ہے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں حکومتی امیدوار کی کامیابی کےلیے ہر حربہ استعمال کریں گے، اس پر کیا کہیں گے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماء نے کہا کہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے تجربے کو سامنے رکھ کر انتظامات کیے ہیں، جماعت اسلامی سمیت ہر رکن کے ساتھ رابطہ رہتا ہے۔ علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے، جب کہ عبدالغفور حیدری نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےلیے کاغذات حاصل کرلیے، پی ڈی ایم امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کے 3، 3 سیٹ حاصل کیے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں پی ڈی ایم امیدواروں کو ووٹ نہ دینے کیلئے ہمارے اراکین کو کالز کی جارہی ہیں، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ توئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے اراکین کو کالز کی جارہی ہیں جس میں ان سے کہا جارہا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے امیدواروں کو ووٹ نہ دیا جائے۔ نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اس حوالے سے ہمارے چند اراکین نے ثبوت کے طور پر ریکارڈنگز بھی کی ہیں۔ اسی حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں ووٹ دینے کیلئے ہمارے اراکین پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، حکومت نے ہارس ٹریڈنگ کی تو سب کچھ عوام کے سامنے لائیں گے ، چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے الیکشن کے سلسلے مین مشاورت کیلئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں ایوان بالا کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات میں پی ڈی ایم امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو سینیٹ میں حکومت پر واضح برتری ہے ، جس کی وجہ سے یوسف رضاگیلانی اور غفور حیدری کی کامیابی کےلیے پر امید ہیں ، اس مقصد کیلئے ہمارا ہوم ورک بھی مکمل ہے جب کہ اس حوالے سے تمام اراکین نے حمایت کا بھی یقین دلایا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button