غیر قانونی افغان باشندوں اور سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن فیصلہ

وفاقی حکومت نے پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر اور تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو سخت اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائیوں کا نیا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ملک بدری کے عمل میں تیزی لائی جائے گی اور سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
بغیر ویزا پاکستان میں مقیم ہر افغان شہری کو فوری طور پر گرفتار کرکے ملک بدر کیا جائے گا، جب کہ غیر قانونی افغان باشندوں کو پناہ دینے یا کرائے پر رہائش فراہم کرنے والے افراد کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں افغان باشندوں کی جیو ٹیگنگ اور جیو فینسنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جب کہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس ڈیٹا کی مدد سے گرفتاریوں کا عمل مزید تیز کیا جائے۔
بلوچستان آپریشن میں بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے : رانا ثناء اللہ
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ ارسال کی جائے گی، جس میں بغیر ویزا گرفتار کیے گئے افغان شہریوں کی تعداد، جاری کارروائیوں کی تفصیلات اور زیر حراست افراد کی موجودہ صورت حال شامل ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ اس حوالے سے 28 جون کو گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور تمام صوبوں کو باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر چکی ہے۔
