افواہیں درست نہیں، والدہ کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے

کورونا وائرس سے متاثرہ معروف ٹی وی اداکارہ روبینہ اشرف کی بیٹی کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ معروف اداکارہ روبینہ اشرف رواں ماہ کے آغاز میں کورونا وائرس کا شکار ہوگئی تھیں اور انہوں نے پہلے ہی دن تصدیق کی تھی کہ اگرچہ ان کی طبیعت زیادہ اچھی نہیں لیکن ان کی طبیعت مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔
کورونا کی تصدیق کے چند دن بعد ان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہوئیں کہ ان کی صحت کافی خراب ہوگئی اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا۔ تاہم بعد ازاں اداکارہ نے خود اور ان کے قریبی ساتھیوں اور متعدد اداکاروں نے بھی ان خبروں کی تردید کی اور بتایا کہ اگرچہ روبینہ اشرف کی صحت بہت ہی اچھی نہیں مگر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ان ہی خبروں کے بعد 8 جون کو روبینہ اشرف کی صحت کا ٹرینڈ بھی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا اور کئی اداکاروں نے ان کی صحت کےلیے مداحوں سے دعا کی درخواست کی۔ لوگوں کی جانب سے طرح طرح کی خبریں پھیلانے کے بعد روبینہ اشرف کی بیٹی مینا طارق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی والدہ کی صحت کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔
223462 5408958 updatesمینا طارق نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ان کی والدہ کی صحت کے حوالے سے افواہیں نہ پھیلائی جائیں، وہ اب روبہ صحت ہیں اور ان کی طبیعت مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔ مینا طارق نے لوگوں سے درخواست کی کہ ان کی والدہ کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائےاور ان کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی جائے۔
خیال رہے کہ روبینہ اشرف سے قبل اداکارہ ندا یاسر کے حوالے سے بھی ایسی ہی افواہیں پھیلی تھیں اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا مگر بعد ازاں انہوں نے خود ایسی افواہوں کو مسترد کردیا تھا۔
ندا یاسر کی طرح اداکارہ سکینہ سموں کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلی تھیں، یہاں تک کہ کچھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے کورونا کے باعث انتقال کی خبریں بھی چلائی گئی تھیں۔ جس کے بعد سکینہ سموں نے بھی اپنے ٹوئٹ میں ایسی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے بعد ازاں اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہی غیر فعال کردیا تھا اور اداکارہ نے اپنی صحت اور کورونا کے حوالے سے وضاحت بھی نہیں کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button