اقرا عزیز کا ڈراموں کی دنیا سے ماں بننے تک کا سفر کیسا رہا؟
پاکستانی ٹی وی ڈراموں کی معروف اداکارہ اقرا عزیز ماں بننے کے بعد سے شوبز کی دنیا سے دور ہیں اور سارا دن اپنے بیٹے کے ساتھ گزارتی ہیں۔ یاد رہے کہ اقرا اور ان کے شوہر یاسر حسین کے ہاں جولائی 2021 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کے بعد سے انہوں نے شوبز دنیا سے دوری اختیار کر رکھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کئی ماہ سے ٹی وی اسکرین پر نظر نہیں آ رہی اور صرف سوشل میڈیا کی حد تک محدود ہیں۔ ماں بننے کے بعد ان کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی ہے، اس بارے میں اقرا نے ایک ویڈیو یوٹیوب پر آپ لوڈ کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک نئی ماں کا اپنے بچے کے ساتھ دن کیسے گزرتا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے دن کا آغاز سورج طلوع ہونے کے ساتھ ہی ہوجاتا ہے اور اب وہ ماضی کی طرح صبح زیادہ دیر بستر میں نہیں گزار سکتیں۔ انہوں نے بتایا کہ انکا بیٹا کبیر صبح ساڑھے 6 بجتے ہی کھیلنے کے لیے تیا ہوتا ہے اور ماں باپ کو جگا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی ذمہ داریاں آسان نہیں ہوتیں مگر عہ ان کو بخوبی نبھا رہی ہیں اور کبیر کے ساتھ وہ گھر کے دیگر کام بھی نمٹاتی ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ ماں بننے کے بعد اب ان کی نیند کا سلسلہ بار بار جڑتا اور ٹوٹتا رہتا ہے کیونکہ یہ فیصلہ اب ان کے بیٹے نے کرنا ہے کہ میں نے کتنی دیر سونا ہے۔ کئی بار بیدار ہونے کے حوالے سے اقرا نے بتایا کہ نیند کا بار بار ٹوٹنا آغاز میں مشکل لگتا ہے مگر پھر وقت کے ساتھ اس کی عادت ہوجاتی ہے۔
اقرا نے بتایا کہ شوہر کے گھر سے نکلنے کے بعد وہ اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ ٹائم مینیجمینٹ کی جائے اور تمام کام نمٹا لیے جائیں، مگر جب وہ تھک کر نڈھال ہوتی ہیں تو مدد مانگنے سے نہیں ہچکچاتیں اور اس موقع پر انکی ماں ہی مدد کے لیے آگے آتی ہے۔ اداکارہ کے مطابق ضرورت کے وقت جسمانی اور جذباتی معاونت کے لیے مدد طلب کرنا غلط نہیں، ان کی ماں اور بہن ہمیشہ مدد کرنے کے لیے تیار رہتی ہیں۔اقرا عزیز نے کہا ‘کئی بار معاملات کافی مشکل ہوجاتے ہیں، وہ تھکا دینے والے ہوتے ہیں، لیکن یہی ماں کا کام ہے۔ جذبات اور بہت کچھ ہے مگر یہ آسان نہیں’۔
اقرا نے بتایا کہ جب انکا بیٹا دن میں کچھ دیر کے لیے سو جاتا ہے تو وہ اپنی پیٹ پوجا کرتی ہیں۔ ان کے سسرال نے انہیں مزیدار حریرہ بنا کر دیا ہے جو کہ چودہ مغز سے بنتا ہے اور بچے کی پیدائش کے بعد نئی ماؤں کو جلد ریکور ہونے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
