امریکا کے عراق اور شام پر فضائی حملے،ہلاکتوں کی تعداد 40ہو گئی

امریکا نے عراق اور شام میں 85 مقامات پر فضائی حملے کیے جس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 ہوگئی۔
ق امریکا نے اردن میں اپنے 3 فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے عراق اور شام میں ایران کی پاسداران انقلاب اور ان کی حمایتی فورسز کے ٹھکانوں پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے بمبار طیاروں نے حملے کیے۔
عراق کی ریاستی سیکورٹی فورس نے امریکا کے بی ون بمبار طیارں کی شدید بمباری میں پاسداران انقلاب کے 16 جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی جب کہ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ شام میں امریکی حملوں میں 23 افراد ہلاک ہوئے۔
امریکا نے عراق اور شام میں پاسداران انقلاب کے اسلحہ خانوں کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ امریکا کے بمبار طیاروں نے ان حملوں کے لیے کہاں سے اُڑان بھری تھی اور کون سی بیس استعمال کی تھی۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے حملوں کے بعد کہا کہ یہ ہمارے جوابی ردعمل کا آغاز ہے۔ صدر جوبائیڈن نے پاسداران انقلاب اور اس کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف اضافی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
