امریکہ کسی پاکستانی سیاسی جماعت کا حمایتی نہیں ہے

امریکہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں کسی ایک سیاسی پارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں دوسرے کی حمایت نہیں کرتا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکا پروپیگنڈے، غلط اور گمراہ کن اطلاعات کو پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی راہ میں آنے نہیں دے گا۔ پاکستان ہمارا اہم پارٹنر ہے۔
رپورٹس کے مطابق ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ خوشحال اورجمہوری پاکستان اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون امریکا کے لیے اہم ہے اور اس موقف میں کبھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کے امریکی سازش سے متعلق نئے بیان پرڈپٹی ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ اس بارے میں ہمارے پاس مزید کچھ کہنے کو نہیں ہے۔
