عمرفاروق کو دو نمبرقرار دینے والے فواد کی دو نمبری پکڑی گئی

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے عمران خان کو دیے گئے قیمتی تحائف خریدنے والے بزنس مین عمر فاروق ظہور کو دو نمبر قرار دینے والے فواد چوہدری کے عمر سے خود اپنے تازہ ترین روابط سامنے آگئے ہیں جن میں وہ انہیں گھڑی سکینڈل میں پیچھے ہٹنے کے لیے منت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ فواد نے عمر فاروق کے ساتھ اپنے واٹس ایپ میسجز پبلک ہونے کے بعد مکمل چپ سادھ لی ہے اور کسی قسم کا رد عمل دینے سے انکاری ہیں۔
جیو ٹی وی پر شاہ زیب خانزادہ نے فواد چوہدری اور عمر فاروق کی جو واٹس ایپ چیٹنگ پبلک کی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ گھڑی سکینڈل سامنے آتے ہی فواد نے عمر سے رابطہ کر لیا تھا اور انہیں عمران کا نام نہ لینے کی درخواست کی تھی۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے پہلے فواد نے اپنی پریس کانفرنس میں دبئی میں مقیم عمر فاروق نامی شخص کو ایک فراڈیا قرار دیا تھا۔ لیکن پبلک ہونے والی واٹس ایپ چیٹنگ کے مطابق فواد اپنی پریس کانفرنس سے چند گھنٹے پہلے عمر فاروق کو میسج کرتے ہوئے انہیں اپنا بھائی قرار دے رہے تھے اور ان کا تعاون حاصل کرنے کے لیے ہاتھ جوڑنے والے ایموجی بنا کر بھیج رہے تھے۔
شاہ زیب خانزادہ کی جانب سے پبلک کیے جانے والے واٹس ایپ میسجز سے پتہ چلتا ہے کہ عمر فاروق کے عمران سے گھڑی خریدنے کے انکشاف کے فوری بعد فواد چوہدری نے ان سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ ’کی ہوگیا جی؟ انہوں نے مزید لکھا کہ شہزاد اکبر تک تو بات سمجھ میں آتی ہے مگر آپ عمران خان کی طرف کیوں آ گئے؟‘ جیو نیوز کے مطابق جب عمر فاروق سے واٹس ایپ گفتگو کرنے والے شخص کا نمبر چیک کیا گیا تو وہ بھی فواد کا نکلا، دونوں کے مابین ماضی کی واٹس ایپ چیٹ سے اور انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ ایسی ہی ایک چیٹ میں جب ایک بار عمر فاروق نے اپنے خلاف کیس بنانے پر شہزاد اکبر کی شکایت کی تو فواد نے ان کی تائید کی اور انکے خلاف کیسز بنانے کے عمل کو خوفناک قرار دیا۔
اسکے علاوہ فواد چوہدری سابق وزیر اعظم کی قیمتی گھڑی خریدنے والے شخص عمر فاروق ظہور سے دبئی میں ملتے بھی رہے ہیں، ان دونوں نے تحریک انصاف کی حکومت کے دوران کرونا کی ویکسین، ای سپورٹس اور آئی ٹی سیکٹر میں مشترکہ بزنس کی منصوبہ بندی کیلئے بھی پیغامات کے تبادلے کیے۔ لیکن عمر فاروق سے اتنا گہرا تعلق ہونے کے باوجود فواد چوہدری نے گھڑی سکینڈل سامنے آنے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں انہیں فراڈیا قرار دے دیا۔ انہوں نے عمر فاروق کے خلاف دبئی میں قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گھڑی عمر فاروق کو نہیں بیچی گئی، اور نہ ہی فرح گوگی گھڑی لے کر دبئی ان کے پاس گئی تھیں۔ فرح کے شوہر احسن گجر نے بھی یہ دعوی ٰکیا ہے کہ ان کی اہلیہ کبھی بھی عمر فاروق ظہور یا شہزاد اکبر سے نہیں ملیں۔
تاہم دوسری جانب سینئر صحافی رضوان رضی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمر فاروق ظہور کے پاس گھڑی کی فروخت کے دوران فرح گوگی کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے جو کسی بھی وقت ریلیز ہو سکتی ہے اور عمران خان کو اور بھی شرمندہ کر سکتی ہے۔
