امریکی سازش کا الزام لگانے والے عمران کی امریکی لابنگ جاری

امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے عمران خان کی جانب سے اپنی حکومت کے خلاف امریکی سازشی خط کا شوشہ کھڑا کرنے سے صرف پانچ دن پہلے پاک امریکا تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ایک امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کی تھیں۔ اپنی حکومت کے خاتمے کے پانچ ماہ بعد ہی عمران خان نے فینٹن آرلوک ایل ایل سی Fenton Arlok LLC نامی اسی لابنگ فرم کی خدمات امریکا میں اپنی جماعت تحریک انصاف کی امیج بلڈنگ کیلئے بھی حاصل کیں جو اب بھی انکے لیے کام کر رہی ہے۔

امریکا میں پاکستانی سفارت خانے نے 21 مارچ 2022 کو پاک امریکا تعلقات کو فروغ دینے کیلئے فینٹن آرلوک ایل ایل سی کی خدمات حاصل کیں اور معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق، سفارت خانہ اپنی خدمات کیلئے لابنگ فرم کو ماہانہ 30 ہزار ڈالرز ادا کرے گا۔معاہدے پر ابتدائی طور پر 21 مارچ سے 20 ستمبر 2022 تک 6 ماہ کیلئے دستخط کیے گئے تھے جس کے مطابق سفارت خانے کو دو ماہ کی پیشگی ادائیگی کرنا تھی، دلچسپ بات یہ ہے کہ معاہدے پر دستخط سے پانچ دن بعد یعنی 27 مارچ 2022 کو اُس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے ایک عوامی ریلی میں اپنی حکومت کیخلاف غیر ملکی سازش کا الزام عائد کیا تھا۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی آڈیوز نے اب اس سازش کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے ثابت کردیا ہے کہ یہ عمران خان کے سازشی ذہن کی اختراع تھی۔

یاد رہے کہ عمران خان نے امریکی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے جلسوں میں جو نام نہاد خط لہرایا تھا وہ دراصل واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان کی جانب سے سے لکھی گئی ایک میٹنگ کی روداد تھی جو کہ ایک سینئر امریکی عہدے دار ڈونلڈ لو کے ساتھ ہوئی تھی۔ اسد مجید نے اس سائفر میں دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہونے کی نشاندہی کی تھی۔ سائفر میں اسد مجید خان اور امریکی معاون وزیر برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لو کے درمیان 7 مارچ 2022 کو ہونے والی میٹنگ کے منٹس شامل تھے۔ یہ ملاقات امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے سے دو ہفتے قبل ہوئی تھی اور اس فرم سے رابطہ بھی اسد مجید خان نے کیا تھا۔

تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں اپنی حکومت ختم ہو جانے کے پانچ ماہ بعد یعنی اگست 2022ء میں عمران خان کی پارٹی تحریک انصاف نے ایک مرتبہ پھر اسی فرم کی خدمات حاصل کیں جس کی خدمات سفیر اسد مجید خان نے امریکا میں پی ٹی آئی کے مثبت امیج کو فروغ دینے کیلئے حاصل کی تھیں۔ تاہم پی ٹی آئی نے معاہدے کے مطابق لابنگ فرم کو ماہانہ 25؍ ہزار ڈالر ادا کیے۔

پی ٹی آئی نے لابنگ فرم کی خدمات اس لئے حاصل کی تھیں کہ امریکا اور پاکستان دونوں میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے باخبر افراد کے ساتھ رابطے کیے جا سکیں اور ان سے مشورہ حاصل کیا جا سکے کہ کس طرح امریکا اور پاکستان کے درمیان تعمیری تعلقات کو بڑھایا جا سکتا ہے اور کلائنٹ اور اس کے معاونین کو مشورہ دیا جائے کہ یہ اہداف کیسے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی اور امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کے علاوہ، کونسل آن پاکستان ریلیشنز نامی ایک غیر سرکاری تنظیم نے بھی اسی لابنگ فرم فینٹن آرلوک ایل ایل سی کے ساتھ زبانی معاہدہ کیا۔ معاہدے کے مطابق لابنگ فرم امریکی اور بین الاقوامی میڈیا کو کونسل آن پاکستان ریلیشنز کی پاکستان اور امریکا کے درمیان نتیجہ خیز سفارتی اور اقتصادی تعلقات کی خواہش سے آگاہ کرے گی۔ معاہدے کے مطابق، فینٹن اینڈ آرلوک ایل ایل سی کو یہ ذمہ داری دی گئی کہ وہ صحافیوں کو پاکستان کی امریکا کے ساتھ مثبت تعلقات کی خواہش کے حوالے سے معلومات اور بریفنگ فراہم کرے اور ساتھ ہی آرٹیکلز شائع کرائے اور پروگرامز نشر کرے، انٹرویوز کا انعقاد کرے اور سوشل میڈیا کے حوالے سے مشورے بھی دے۔ ایک اور مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان مثبت تعلقات کو فروغ دینا اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

Back to top button