امریکی کمپنی نے ثاقب نثار کی آڈیو کی تصدیق کر دی
پاکستانی نجی ٹی وی کی جانب سے بھیجی گئی آڈیو کی امریکی کمپنی پریمو نے تصدیق کر دی ہے جبکہ اس کے درست یا غلط ہونے سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔
کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ یہ خاص کام ہم نے اپنے صارف کے لیے کیا ہے اور ہم اس سے متعلق تفصیلات کسی کو فراہم نہیں کرسکتے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی پریس ریلیز ہے۔
اسلام آباد میں جاری کردہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ’اے آر وائی‘ نے پریمو فرانزک کمپنی سے سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی آڈیو کلپ کا فرانزک کرنے کا کہا تھا۔
اس آڈیو میں دو افراد کو بات کرتے سنا جا سکتا ہے جو مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کے خلاف کیسز کی بات کر رہے ہیں ۔
45 سیکنڈ کی آڈیو میں سے ظاہر ہوتا ہے کہ آواز میں ’ارتعاش‘ ہے کیوں کہ بات کرنے والا شخص دو مختلف مقامات پر بات کررہا ہے، 20 سیکنڈ کے بعد آواز صاف ہے جو کہ قریب سے آتی محسوس ہو رہی ہے۔
پریمو فرانزک کے مطابق آڈیو کے دو حصے ہیں ایک 20 سیکنڈ اور دوسرا 25سیکنڈ کا اور دونوں حصے مختلف ماحول میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔آڈیو کلپ میں دو مختلف بازگشت سنی جا رہی ہیں جس سے نشاندہی ہوتی ہے کہ پہلا حصہ دوسرے حصے سے مختلف ماحول میں ریکارڈ کیا گیا۔
