انتقام کی تمنا نہیں، چاہتا ہوں رب قوم کی تقدیر بدل دے

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آج لوگوں کے جذبے کو دیکھ کر میں نے تمام دکھ اور غم ایک طرف رکھ دیئے ہیں، میرے دور میں بجلی، آٹا، چینی، پیٹرول، ڈالر آج سے 100 گناہ سستے تھے۔

لاہور کے منیار پاکستان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کوئی انتقام کا جذبہ لے کر نہیں آیا بلکہ صاف دل کے ساتھ پاکستان کی خدمت کرنے اور قوم کی غربت مٹانے کے لیے آیا ہوں، میری تمنا ہے لوگوں کو روزگار ملے، گھروں میں چراغ جلیں، نواز شریف کی تمنا ہے کہ قوم کے لوگ خوشحال ہوں۔

انھوں نے کہا کہ آج ہم سے ہمارا بیانیہ پوچھا جا رہا ہے جس کا میں جواب دیتا ہوں کہ ہمارا بیانیہ پوچھنا ہے تو میٹرو لائن سے پوچھو، اورنج لائن سے پوچھو، ملک میں پھیلے موٹرویز کے جال سے پوچھو گے تو ہمارا بیانیہ سمجھ میں آ جائے گا، اب ملک کو جو درپیش مسائل ہیں اس کے حل میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ اب ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا، کس طرح ہم نے کھویا ہوا مقام حاصل کرنا ہے، ہمیں ڈبل سپیڈ کے ساتھ دوڑنا ہوگا اور اپنے کشکول کو ہمیشہ کے لیے توڑنا ہوگا، ہم ہمسایوں کے ساتھ لڑائی کر کے ترقی نہیں کر سکتے بلکہ اس کیلئے مضبوط فارن پالیسی بنانا ہوگی، میری رب سے دعا ہے کہ مجھے انتقام نہیں چاہئے بس تو اس قوم کی تقدیر بدل دے۔

انھوں نے کہا کہ میں آج یہاں آپ کو جگانے آیا ہوں کہ آگے بڑھو اور پاکستان کو سنبھالو، اور آئندہ کسی کو اجازت نہ دینا کہ آپ کے ملک کے ساتھ یہ کھلواڑ کر سکیں، اںصاف کے نظام میں اصلاحات لائیں گے، نوجوانوں اور خواتین کے لیے خصوصی کام کریں گے۔

Back to top button