انسٹاگرام کی نئی ایپ 6 جولائی کو لانچ ہوگی

ٹوئٹئر کے مقابلے پر میٹا کی نئی ایپ تھریڈز 6 جولائی کو متعارف کرائی جا رہی ہے۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر میں ایسی متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کے باعث بیشتر صارفین متبادل سروس کو تلاش کر رہے ہیں۔تھریڈز ایپ انسٹاگرام سے منسلک ہوگی اور 4 جولائی کو ایپل کے ایپ اسٹور میں اس کا پریویو جاری کیا گیا ہے۔
ایپ پریویو میں بتایا گیا ہے کہ تھریڈز ایسا مقام ہے جہاں کمیونٹیز ہر طرح کے موضوعات پر بات کرنے کے لیے اکٹھی ہوں گی۔کمپنی کے مطابق آپ کو جس چیز میں دلچسپی ہو آپ اسے فالو کر سکتے ہیں یا اپنے پسندیدہ کریٹیرز سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
اسکرین شاٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ صارفین تھریڈز پر لاگ ان ہونے کے لیے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو استعمال کر سکیں گے۔ایپ کا یوزر انٹرفیس ٹوئٹر سے ملتا جلتا نظر آتا ہے اور ری پوسٹنگ، لائیک اور دیگر فیچرز بھی کافی حد تک ایلون مسک کی زیر ملکیت سروس جیسے ہی لگ رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پہلی بار نہیں جب میٹا کی جانب سے تھریڈز کے نام سے ایک ایپ متعارف کرائی جا رہی ہے۔اس سے قبل 2019 میں اسنیپ چیٹ سے مقابلے کے لیے اسی نام سے ایک ایپ پیش کی گئی تھی مگر پھر ختم کر دیا گیا تھا۔ٹوئٹر کے متبادل کے لیے متعدد ایپس منظرعام پر آئی ہیں جن میں بلیو اسکائی اور Mastodon قابل ذکر نام ہیں۔
