سڑک پر چلنے کیساتھ اڑنے والی فلائنگ کار بھی آ گئی

دنیا کی پہلی ایسی الیکٹرک گاڑی سامنے آئی ہے جو سڑک پر دوڑنے کے ساتھ ساتھ پرواز کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ایلف آٹو میٹو کمپنی کی تیار کردہ اس فلائنگ کار کو ماڈل اے کا نام دیا گیا ہے اور امریکا میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے اس کی ٹیسٹنگ کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ پہلی فلائنگ کار ہے جو سڑکوں پر بھی چلائی جا سکتی ہے اور اسے عام گاڑیوں کی طرح پارک کیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح یہ کسی ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
اس گاڑی پر ایک یا 2 افراد سفر کر سکتے ہیں اور سنگل چارج پر یہ سڑک پر 200 میل جبکہ فضا میں 110 میل تک پرواز کر سکتی ہے۔کمپنی کو توقع ہے کہ وہ اس گاڑی کو 2025 کے آخر تک عام صارفین کے لیے متعارف کرا سکے گی اور اس کی قیمت 3 لاکھ ڈالرز ہوگی۔
