امریکا ایران کے ساتھ نیم مذاکرات کر رہا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ نیم مذاکرات کر رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیوس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ صرف ’’نیم مذاکرات‘‘ کر رہا ہے، جبکہ واشنگٹن ایران کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
امریکی صدر کے مطابق ایران میں مہنگائی بہت زیادہ ہے اور ملک کے پاس پیسے نہیں ہیں، جبکہ ایران انتہائی خراب معاشی صورتحال سے دوچار ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ایران کے پاس اپنی فوجیوں کو تنخواہیں دینے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکی بحری ناکہ بندی نے ایران کے معاشی بحران کو مزید سنگین کردیا ہے، تاہم امریکا ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھنے دے گا اور فی الحال نئی فوجی کارروائی نہیں کرے گا۔
امریکی صدر نے ایران کے ساتھ جاری معاملے کو شطرنج کے کھیل سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ بالآخر سب ٹھیک ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ امریکا اور ایران ’’کھیل کے درمیان‘‘ میں ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ تیل کی قیمت 75 ڈالر سے کچھ زیادہ ہونے کے باعث امریکی صارفین پر جنگ کا دباؤ کم ہے۔
سکیورٹی فورسز کا پنجگور میں کامیاب آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک
علاوہ ازیں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے معاملے کو فی الحال کم شدت کے ساتھ آگے بڑھا رہا ہے اور تہران کے خلاف کسی نئی بڑی فوجی کارروائی کی دھمکی نہیں دی۔
