انٹر بینک میں ڈالرکی قیمت 233 روپے سے متجاوز

پاکستانی روپے کی بے قدری برقراررہنے کے باعث جمعہ کو امریکی ڈالر کے انٹربینک ریٹ 223 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 83 پیسے کے اضافے سے 223.50 روپے کی سطح پر بھی پہنچ گئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ قدرے گھٹنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 50 پیسے کے اضافے سے 223.17 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 45 پیسے کے اضافے سے 229.95 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

باخبر ذرائع نے بتایا کہ روپے کی قدر کو آزاد رکھنے کے لیے آئی ایم ایف کے مبینہ بالواسطہ دباؤ کی وجہ سے ڈالر کی قدر میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے کیونکہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے نویں ریویو کو بھی تاحال لٹکایا جارہا ہے جو مقامی مارکیٹ میں اضطراب بڑھانے اور روپیہ کی بے قدری کا سبب بن گیا ہے۔

کرنسی ماہرین کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں چار ماہ کے دوران 9.27 ارب ڈالر کی کمی بھی روپیہ کی بے قدری پر اثر انفاز ہے، دسمبر میں میچور ہونے والے پاکستان کےعالمی سکوک کی ایلڈ مزید بڑھ کر 90 فیصد سے متجاوز ہونے سے عالمی سطح پر نادہندگی کی چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں جو روپیہ کی گراوٹ کا باعث بن رہی ہے۔

Back to top button