’انڈسٹری چھوڑ کر پائلٹ بننے جارہا تھا، سلمان نے ولن بنادیا‘

بالی وڈ کے مشہور و معروف ولن موہنش بہل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم انڈسٹری چھوڑ کر جارہے تھے لیکن سلمان خان کی وجہ سے انہیں واپس آنا پڑا۔موہنش بہل متعدد فلموں میں سلمان خان کے ساتھ نظر آئے ہیں، وہ ہر کردار بخوبی ادا کرتے ہیں تاہم ولن کے روپ میں انہیں خوب پذیرائی ملی، یہاں تک کہ اگر کسی فلم میں ان کا کردار مثبت بھی ہو تو ناظرین کے دل میں ایک کھٹکا ہوتا ہے کہ ’یہ کبھی بھی پلٹی مار دے گا‘۔1983 میں فلم بے قرار سے اداکاری میں ڈیبیو کرنے والے موہنش بہل نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’پہلی فلم اور اس کے بعد متعدد فلمیں فلاپ ہوئیں تو میں سمجھ گیا کہ میرا کیریئر ختم‘۔انہوں نے بتایا کہ ’ناکامیوں سے تنگ آکر میں نے پائلٹ بننے کا ارادہ کرلیا تھا اور تیاری شروع کردی تھی لیکن شاید قسمت کو کچھ اور منظور تھا۔
موہنش نے بتایا کہ انڈسٹری میں ایک روز یوں ہی وہ سلمان خان سے ٹکرا گئے تھے جو ان دنوں کسی فلم کی تلاش میں تھے اور ان کی سلمان خان سے دوستی ہوگئی تھی۔ موہنش کے مطابق جب سلمان خان کو فلم ’میں نے پیار کیا‘ ملی تو انہوں نے میرا نام ولن کے لیے تجویز کیا۔انہوں نے کہا کہ میں ولن کا کردار ادا کرنے میں ہچکچا رہا تھا لیکن بطور ہیرو چونکہ میری فلمیں فلاپ ہوچکی تھیں میں نے حامی بھرلی۔موہنش نے کہا کہ اس وقت مجھے یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ کردار درحقیقت میرے کیریئر کی ابتداء ہوگا اور 30 سال بعد بھی مجھے انڈسٹری میں زندہ رکھے گا۔1989 میں ریلیز ہونے والی فلم میں نے پیار کیا سپر ہٹ ثابت ہوئی اور یوں سلمان خان بطور ہیرو اور موہنش ولن کے روپ میں نظر آنے لگے۔
