آرمی چیف کا دورہ لاہور، جناح ہائوس میں نقصانات پر بریفنگ

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور کے دورہ پر جناح ہائوس کا دورہ کیا جہاں ان کو 9 مئی کو ہونے والے نقصانات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق آرمی چیف عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا، انہوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے، اس موقع پر انہیں 9 مئی کے یوم سیاہ کے واقعات پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوران اجلاس مادر وطن کےلیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے ذمے داروں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کردی۔

جنرل عاصم منیر نے جناح ہاؤس اور ایک فوجی تنصیب کا دورہ بھی کیا اور کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کے عوام ہیں، فوج اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ریاست کےخلاف عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا عمل کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، دشمن قوتیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے فیک نیوز اور پروپیگنڈے سے کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ دشمن کے ایسے تمام حربوں کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی، پاک فوج کی طاقت اس کے عوام ہیں۔

Back to top button