آریان خان ساتھیوں سمیت ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کو منشیات استعمال کرنے کے جرم میں‌ ساتھیوں سمیت ریمانڈ پر نارکوٹکس کنٹرول فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔

شاہ رخ کے بیٹے آریان کو تین اکتوبر کو بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

نارکوٹکس فورس نے آریان خان اور ان کے ساتھیوں کو ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے آج عدالت پیش کیا تھا، جہاں ان کی والدہ فیشن ڈیزائنر گوری خان نے ان کی ضمانت کے لیے بھی درخواست جمع کروائی تھی۔

’ٹائمز آف انڈیا ‘ کے مطابق نارکوٹکس فورس نے عدالت کو بتایا کہ ابھی ان کی تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے، اس لیے جانچ مکمل ہونے تک تمام ملزمان کو کم از کم مزید 9 دن کے لیے ریمانڈ پر دیا جائے لیکن عدالت نے تمام ملزمان کو 7 اکتوبر تک ریمانڈ پر بھیج دیا۔

عدالت نے گوری خان کی جانب سے دائر کردہ درخواست کو مسترد کردیا اور ساتھ ہی آریان خان کے تمام ساتھیوں کو بھی ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت میں نارکوٹکس فورس نے بتایا کہ چھاپے کے دوران ملزمان سے کوکین، چرس اور دیگر اقسام کی منشیات سمیت ایک لاکھ 33 ہزار روپے نقد رقم بھی برآمد کی۔

عدالت میں ملزمان کی پیشی کے وقت شاہ رخ خان کے بیٹے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نارکوٹکس فورس چالان میں یہ بات ثابت نہیں کر سکی کہ ان کے موکل منشیات استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے یا ان کے پاس ڈرگس پکڑی گئی، اس لیے ان کے موکل کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

آریان خان کو عدالت میں پیش کیے جانے کے حوالے سے بھارتی نشریاتی ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) نے بتایا کہ این سی بی نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے تمام افراد کو ممبئی کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے عدالت سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی اور عدالت نے تمام ملزمان کو نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔

Back to top button