عمر شریف کی جرمنی میں نماز جنازہ ادا ، میت ورثا کے حوالے

کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی جرمنی کے شہر نیونبرگ میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جس کے بعد میت کو وہاں پاکستانی سفارتی عملے اور ورثا کے حوالے کر دیا گیا ۔ مرحوم کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ مرحوم کی میت 5 اکتوبر تک پاکستان روانہ کر دی جائے گی۔

نیونبرگ شہری انتظامیہ کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بعد ہسپتال نے عمر شریف کی میت ورثا اور سفارتی عملے کے حوالے کردی جائے گی ۔عمر شریف کی میت کو پہلے فرینکفرٹ لے جایا جائے گا جبکہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ممکنہ طور پر عمر شریف کی میت کو جرمنی کے شہر میونخ سے کراچی کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق عمر شریف کی بیوہ زرین کا آج کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا جس کے بعد وہاں سے نکلنے کی اجازت ملے گی اگر سب کچھ صحیح رہا تو کل شام تک عمر شریف کی میت کو پاکستان روانہ کیا جائے گا اور ان کا جسد خاکی 8 سے 10 گھنٹوں کے سفر کے بعد 6 اکتوبر کی علی الصبح کراچی پہنچ جائے گا۔

اس حوالے سے سندھ حکومت نے عبداللہ شاہ غازی مزار انتظامیہ کو پہلی ہی ہدایات جاری کر رکھی ہے اور ممکنہ طور پر آج شام تک عمر شریف کی تدفین کی جگہ کا تعین بھی ہو جائے گا ۔ کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف 2 اکتوبر کی دو پہر کو 66 برس کی عمر میں جرمنی کے شہر نیونبرگ کے ہسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

Back to top button