’اپنے پیاروں کی میتوں کو دفنا دیں، بہت جلد تعزیت کے لیے حاضر ہوں گا‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’انہیں مچھ میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے ہزارہ برادری کے افراد کے لواحقین کی تکالیف اور مطالبات کا احساس ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں پہلے بھی آپ کے غم بانٹنے کے لیے آچکا ہوں اور بہت جلد اہل خانہ کے پاس ذاتی طور پر دعا اور تعزیت کے لیے حاضر ہوں گا۔‘
ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’میں کبھی بھی اپنے عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔‘انہوں نے مچھ میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اپیل کی کہ وہ ’اپنے پیاروں کی میتوں کو جلد دفنا دیں تاکہ ان کی رُوحیں آسودگی پاسکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم مستقبل میں ایسے حملوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور جان لیں کہ ہمارا ہمسایہ اس فرقہ وارانہ دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔‘یاد رہے کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں تین جنوری کو ایک حملے میں دس کوئلہ کان کنوں کو قتل کر دیا گیا تھا۔
اس واقعے کے خلاف خلاف کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی جانب سے گذشتہ چار روز سے میتوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا جاری ہے۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کوئٹہ آئیں، بصورت دیگر وہ قتل ہونے والے افراد کی تدفین نہیں کریں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی مچھ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہزاری برادی سے میقیں دفنانے کی اپیل کی ہے۔ اپنی ٹویٹس میں مریم نواز نے کہا کہ ‘میری دکھی ماؤ، بہنو! اپنے پیاروں کا ایسا ظالمانہ قتل معمولی سانحہ نہیں۔ پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے۔’
انہوں نے کہا کہ ‘میں اور میرے والد بھی بہت دکھی ہیں لیکن آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں، وہ آپ کو یا عوام کو جواب دہ نہیں۔”میری اپیل ہے کہ اپنے پیاروں کی میتیں ﷲ کے حوالے کرکے سپرد خاک کردیں۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور آپ کو صبر دے۔’

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button