اچھے دن آنیوالے، وزیراعظم جلد بڑے ریلیف کا اعلان کرینگے

مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نوازنے کہا ہے کہ جتنے مشکل فیصلے کرنے تھے کر لئے،اب اچھے دن آنے والے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف جلد عوام کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کریں گے،عمران خان کی صورت میں جو بلا آئی تھی وہ ٹل گئی ہے، جس وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانی تھی اس کو اس نے بلیک میلنگ کا اڈا بنا دیا۔
چیچہ وطنی میں پنجاب اسمبلی کی20 نشستوں پر 17 جولائی کو ہونیوالے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں پی پی202 میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا آپ نے میرا شاندار استقبال کر کے میرا دل جیت لیا، میں آپ لوگوں کی محبتوں کی شکر گزار ہوں، چیچہ وطنی کا جذبہ بتا رہا ہے کہ 17کو شیر آرہا ہے۔ چیچہ وطنی 17 جولائی کو فیصلہ سنائے گا کہ ایک مرتبہ پھر یہ شہر شیرکے ساتھ ہے۔
ا نکا کہنا تھا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں عمران خان کی وجہ سے بڑھانی پڑیں، جتنے مشکل فیصلے ہونے والے تھے وہ ہو گئے، شہباز شریف عوام کے لئے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوتے ہی وزیراعظم عوام کو ریلیف دینگے، عمران خان کی صورت میں جو بلا آئی تھی وہ ٹل گئی ہے، ہاں ہم آلو پیاز کے ریٹ پتہ کرنے آئے ہیں۔ روز میڈیا پر عمران خان کے کارنامے کھلتے ہیں، پنجاب میں آکر ڈیڑھ گھنٹہ ہمارا سر کھاتا ہے، عمران خان چار سال میں کوئی چار کام بھی نہیں کر سکے، ہم عوام کی مشکلات کو ختم کر دیں گے۔
نائب لیگی صدر نے کہا الیکشن سے پہلے اس نے 5وعدے کئے تھے، عمران خان نے وعدہ کیا تھا ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، وزیراعظم ہاوس کو اس نے بلیک میلنگ کیلئے استعمال کیا، جس وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانی تھی اس کو اس نے بلیک میلنگ کا اڈا بنا دیا، عمران خان ! عوامی بھلائی کا ایک منصوبہ بتا دو۔ پی ٹی آئی چیئر مین نے توشہ خانہ منصوبے پر اپنی تختی لگائی، سابق وزیراعظم کا رپورٹ کارڈ آپ کو ستاتی ہے، عمران خان پہلا حکمران ہے جو ریاست کو ملے ہوئے تحفوں کو بیچتا رہا۔ اس نے 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا۔
مریم نواز نے کہا فرح گوگی، بشریٰ بی بی کی فرنٹ ویمن ہیں، بشریٰ بی بی عمران خان کی فرنٹ ویمن تھی، فرح گوگی وہ بچی ہے جو پنجاب لوٹ کر کھا گئی، عمران خان نے کبھی عوام کی عدالت میں صفائی پیش نہیں کی، آج کل فتنہ خان تقریروں میں گالیاں دیتا ہے، عمران خان روتا پھر رہا ہے دھاندلی ہونے والی ہے، عمران خان جان چکا ہے پنجاب اس کو ووٹ نہیں دے گا، پنجاب کو پتہ چل گیا ہے کہ گوگی اور بشریٰ کو ووٹ نہیں دینا۔پنجاب میں پنکی پیرنی کا کالا جادو نہیں چلنے والا، پنجاب کے عوم کو مفت بجلی ملتی ہے تو فتنہ خان کو کیوں تکلیف ہوتی ہے، صوبے کے بچے غریب ہو گئے بشری بی بی کے بچے راتوں رات ارب پتی بن گئے۔
دریں اثنا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں مریم نواز نے کہا کراچی میں مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر پوری قوم فکرمند ہے، وفاقی حکومت کا عزم ہے کہ صوبائی حکومت اور فوج کے جوانوں کے ساتھ مل کر ہنگامی بنیادوں پر متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہچانے کا عمل جلد مکمل ہو اور امدادی سرگرمیوں میں کوئی کمی نا رہے۔ کراچی! ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایک اور ٹویٹر پیغام میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھااس سال عید الاضحیٰ پر پنجاب کی صاف ستھری، آلائشوں سے پاک گلیاں، کوچے، محلے دیکھ کر دل سے نکلا “شاباش حمزہ شہباز، شہباز شریف جیسے بہترین وزیر اعلی کے بعد پنجاب کی عوام کی مسلم لیگ (ن) سے بہت امیدیں ہیں جن کو پورا کرنے کے لئے حمزہ نے دن رات ایک کیے ہے۔اللّہ تعالی کامیاب کرے۔”
