اداکارہ علیزے شاہ نے مذاق کرنے اور اڑانے میں کیا فرق بتایا؟


سوشل میڈیا پر اکثر ٹرولنگ، تضحیک اور تنقید کا نشانہ بننے والی اداکارہ علیزے شاہ نے سابق کرکٹر شعیب اختر کی ایک تصویر کا حوالہ دیتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کو مذاق اُڑانے اور مذاق کرنے میں فرق سمجھا دیا ہے۔ یاد رہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر ٹوئٹر پر احرام پہنے اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’الحمد اللہ میں سعودی عرب کے سرکاری مہمان کی حیثیت سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو رہا ہوں۔ شعیب اختر نے لکھا کہ میں مکہ میں حج کانفرنس سے خطاب بھی کروں گا جس میں مسلم دنیا کے رہنما شریک ہوں گے، شعیب اختر کے مداحوں نے ان تصاویر پر سابق فاسٹ بائولر کو دل کھول کر دعائیں دیں اور نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا، تاہم چند صارفین نے ان تصاویر پر ہلکے پھلکے انداز میں مذاحیہ تبصرے بھی کیے۔

ان ہی میں سے ایک صارف کی ٹوئٹ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی جس نے شعیب اختر کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا اور ان کی تیز رفتار بائولنگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا رواں سال شیطان کو 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کنکریاں ماری جائیں گی۔ ہلکے پھلکے انداز میں اس مذاحیہ تبصرے کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب پسند کیا اور یہ ٹوئیٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ٹوئٹ اداکارہ علیزہ شاہ نے بھی خوب پسند کی اور گزشتہ روز اسے اپنی انسٹا گرام سٹوریز میں شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو مذاق کرنے اور مذاق اُڑانے کا فرق سمجھانے کی کوشش کی اور لکھا کہ یہ ہوتی ہے اصل میم، یاد رکھیں مذاق کرنے اور مذاق اُڑانے میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ علیزے شاہ کی جانب سے مذاق کرنے اور مذاق اُڑانے کا فرق سمجھانے کے لیے منفرد انداز میں یہ موازنہ خوب پسند کیا گیا اور مختلف انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شیئر بھی کیا گیا، بیشتر صارفین نے اداکارہ کی رائے سے اتفاق کیا تاہم چند صارفین نے حسب معمول تضحیک اور تنقید کا سلسلہ جاری رکھا۔

واضح رہے کہ اداکارہ علیزے شاہ ماضی میں مختلف تنازعات کے سبب خبروں کی زینت بنی رہی ہیں جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں تنقید اور تضحیک کا سامنا رہا ہے، اس سے قبل 2020 کے مقبول ڈرامے ’میرا دل، میرا دشمن‘ کی شوٹنگ کے حوالے سے یاسر نواز نے جون 2021 میں احسن خان کے پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں علیزے شاہ کے رویے پر کہا تھا کہ انہیں افسوس رہے گا کہ اداکارہ کے ساتھ کام کیوں کیا۔ یاسر نواز کے ان ریمارکس کے بعد اداکار نوید رضا، اداکارہ زرنش خان سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والی متعدد دیگر شخصیات نے بھی علیزے شاہ کے رویے سے متعلق منفی تبصرے کیے، علیزے شاہ نے بھی یاسر نواز کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے علی سفینا کو ایک ویڈیو میں بتایا تھا کہ اگر شوٹنگ سیٹ پر کوئی ان کے ساتھ بدتمیزی کرے گا تو وہ بھی ان کے ساتھ ایسا ہی رویہ اختیار کریں گی۔

تاہم بعد ازاں یاسر نواز نے علیزے شاہ سے متعلق اپنے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہیں علیزے شاہ کا نام نہیں لینا چاہئے تھا، انہیں اس بات کا بہت دُکھ ہے کہ انہوں نے کیوں علیزے شاہ کا نام لیا اور یہ بات ٹی وی پر بتائی، گزشتہ سال کے اختتام پر علیزے شاہ کی کار میں بیٹھے ہوئے سگریٹ پینے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس پر انہیں شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بعدازاں علیزے شاہ نے کار میں سگریٹ نوشی کی ویڈیو کو بلا اجازت ریکارڈ کرنے اور اسے وائرل کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا تھا۔

Back to top button