ایران: داعش نے شاہ چراغ کے مزار پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

عالمی دہشتگرد تنظیم داعش نے ایران کے صوبے فارس میں شاہ چراغ کے مزار پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیلی گرام چینل کے ذریعے داعش نے ذمہ داری قبول کی ہے، داعش کے مطابق جنوبی ایران کے شہر شیراز میں درگاہ کو نشانہ انہوں نے بنایا۔

دہشتگرد تنظیم داعش کے مطابق اس کی فائرنگ سے 20 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے عبادت میں مصروف افراد کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب، ایرانی حکومت کی طرف سے کی گئی تصدیق کے مطابق واقعے میں 15 افراد ہلاک ہوئے جبکہ داعش نے 20 افراد کے مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ ایران کے صوبہ فارس کے دارالحکومت شیراز میں امام زادہ احمد بن امام موسیٰ کاظم کے مزار پر پیش آیا تھا، امام زادہ احمد کا روضہ شاہ چراغ کے نام سے معروف ہے، حملہ آوروں نے مزار کے اندر داخل ہونے کے بعد زائرین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 15 افراد موقع پر شہید ہوگئے۔

ایرانی نیوز ایجنسی کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ مرنے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے،فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا جب کہ تیسرے دہشت گرد کی تلاش جاری ہے۔

Back to top button